لاہور ہائیکورٹ مصالحتی کمیٹی، عدالتوں اور تھانوں میں اندراج مقدمہ کی غرض سے آنے والی تصفیہ طلب درخواستیں جلد نمٹانے کیلئے لائحہ عمل طے

 
0
813

لاہور، نومبر 07(ٹی این ایس): لاہور ہائیکورٹ کی مصالحتی کمیٹی نے عدالتوں اور تھانوں میں اندراج مقدمہ کی غرض سے آنے والی تصفیہ طلب درخواستیں جلد نمٹانے کیلئے لائحہ عمل طے کر لیا،کمیٹی نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن اور مصالحتی کمیٹی کو مزید فعال بنانے اور اس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں کو شامل کرنے سے متعلق تجاویز بھی طلب کر لی ہیں اور اس سلسلے میں مصالتی عدالتوں سے متعلق کمیٹی کے سربراہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوارلحق کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ میں کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ممبران جسٹس شاہد بلال حسن اور سینئر قانون دان میاں ظفر اقبال کلانوری نے شرکت کی۔

کمیٹی کے روبرو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور عابد حسین قریشی اور سی سی پی او لاہور نے عدالتوں اور تھانوں میں اندراج مقدمہ کیلئے آنے والی تصفیہ طلب درخواستوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ میاں ظفر اقبال کلانوری نے کہا کہ اندراج مقدمہ کی زیادہ درخواستیں تصفیہ طلب ہوتی ہیں جنہیں مصالحتی طریقے سے فوری طور پر نمٹایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تصفیہ طلب معاملات تھانیدار کے ذریعے حل کرنے کی بجائے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن مصالحتی کمیٹی کے ذریعے حل کیا جائے تو اس سے نہ صرف فوری انصاف کی فراہمی کا عمل مکمل ہو گا بلکہ عدلیہ پر مقدمات کا دبائو بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن مصالحتی کمیٹی میں ڈسٹرکٹ سیشن جج کے علاوہ،ڈپٹی کمشنر،سٹی پولیس افسر ،متعلقہ محکمہ کا ذمہ دار افسر اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل کئے جائیں،کمیٹی کے سربراہ جسٹس انورالحق نے مزید تجاویز طلب کرتے ہوئے کمیٹی کا اجلاس ملتوی کر دیا