شہداءکربلا کا چہلم ‘ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل-ملک بھر میں جلوس ‘سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات

 
0
499

 کراچی،نو مبر 10(ٹی این ایس) : حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے۔ موبائل فون سروس رات 9 بجے تک معطل رہے گی۔ اب تک جن شہروں میں موبائل سروس معطل کی گئی ان میں کوئٹہ، راولپنڈی، کراچی شامل ہیں جبکہ لاہور میں جزوی طور پر سروسزمعطل کی گئی ہیں۔

موبائل فون سروس کی بندش سے شہریوں کا مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا جس سے انہیں رابطوں میں پریشانی کا سامنا ہے۔حضرت امام حسینؓ اوران کے جانثاروں کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔کراچی میں مرکزی جلوسوں کے روٹس پر پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ راستے کنٹینرزلگا کربند کئے گئے ہیں‘پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں دہلی گیٹ سے برآمد ہونے والے چہلم امام حسین ؓکے مرکزی جلوس کےلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات،جلوس الف شاہ کی حویلی سے برآمد ہوکر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا- دہلی گیٹ الف شاہ کی حویلی سے برآمد ہونے چہلم امام حسین ؓکے مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لئے شہر میں 6 ایس پی ایز ،24 ڈی ایس پیز،74 ایس ایچ اوز اور8 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جلوس کے راستے کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی، اس کے علاوہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

سی سی پی او امین وینس سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لئے پولیس افسران اور انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہوں گے۔شرکا کو چار سکیورٹی تہہ پر مشتمل داخلی دروازوں سے ہوکر گزرنا پڑے گا جن پر واک تھرو گیٹس نصب ہوں گے اور میٹل ڈٹیکٹرز سے شرکا کو چیک بھی کیا جائے-جلوس اپنے مقررہ راستوںسے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔دوسری جانب موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے جو آج رات تک برقرار رہے گی۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے، خواتین، 12 سال سے کم عمر بچے اور صحافی حضرات ڈبل سواری کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ کراچی میں شہداءکربلا کے چہلم کے موقع پر نشتر پارک میں مجلس کا اہتمام کیا گیا،مجلس سے علامہ عباس کمیلی نے خطاب کیا۔کراچی میں جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں،ایم اے جناح روڈ کو کنٹینرز لگاکر بند رکھا گیا ہے،شہرقائد میں موبائل فون سروس معطل اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

راولپنڈی میں بھی جلوس کو سخت سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، سیکیورٹی انتظامات کے تحت جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس رات 10بجے تک بند رہے گی۔پشاورسمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی چہلم شہداءکربلا کے موقع پر جلوس برآمد کئے جارہے ہیں،پشاور میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہے۔کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بھی ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں،ملک کے دیگر شہروں کی طرح کوئٹہ میں بھی موبائل فون سروس بند ہے۔

پشاور میں چہلم امام حسین ؓکے سلسلے میں 3ماتمی جلوس برآمد ہوں گے صوبے بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔چہلم امام حسینؓکے سلسلے میں پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے دیگراضلاع کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، ٹانک، کرم ایجنسی، پارا چنار سے آج ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔پشاورمیں چہلم امام حسینؓ کے سلسلے میں پہلاجلوس علم امام بارگاہ علمدار کربلا قصہ خوانی سے برآمد ہوکرمقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اخوندآباد اندرون کوہاٹی میں اختتام پذیرہوگا۔

امام بارگاہ اخوندآباد محلہ نوبجوڑی سے دوسرا جلوس ذوالجناح برآمدہوگاجبکہ مرکزی شیعہ جامع مسجد قصہ خوانی سے تیسرا جلوس سہ پہر کو برآمد ہوگا،سہ پہر تک تمام جلوس قصہ خوانی بازار پہنچیں گے، جہاں مرکزی جلوس کی شکل میں واپس اپنی امام بارگاہوں میں اختتام پذیر ہوں گے۔کے پی کے میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں،پشاور میں3500سے زائد اہلکارتعینات ہیں۔تمام جلوسوں کی نگرانی ایس پی رینک کا افسرکرے گا، شہر میں ڈبل سواری، کالے شیشوں، بغیرنمبراور غیر قانونی نمبرپلیٹ والی گاڑیوں پربھی پابندی عائد ہے۔واضح رہے کہ لاہور میں ممتازبزرگ حضرت علی ہجویریؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کی وجہ سے شہر میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات ہیں-