پشاور ،نو مبر11(ٹی این ایس): خیبر پختون خواہ کے وزیرمالیات علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ داوڑ کنڈی عائشہ گلالئی جیسا کردار ادا کررہے ہیں اور اگر میں کسی لڑکی کو برہنہ کرنے کے افسوس ناک واقعے میں ملوث نکلا تو پھانسی دے دی جائے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی داوڑ خان کنڈی نے انکشاف کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں لڑکی کو برہنہ کرنے کے واقعے میں ان کے ساتھی اور خیبرپختون خوا میں وزیر مالیات علی امین گنڈا پور ملوث ہیں۔
جس پر وضاحت دیتے ہوئے صوبائی وزیر برائے مالیات علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں لڑکی کے ساتھ پیش آنے والے انسانیت سوز واقعے سے تعلق جوڑنے کی کوشش شرم ناک ہے بے جا الزام تراشی اور کیچڑ اچھالنے والوں میں ہمت ہے تو میرے خلاف شواہد پیش کیے جائیں، اگر ثابت ہوجائے کہ میں اس جرم میں ملوث ہیں تو مجھے وزارت سے نکالنے کے بجائے پھانسی دے دی جائے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ مجھ سمیت کسی بھی وزیر یا سیاسی رہنما کے لیے پولیس کے کام میں مداخلت ممکن نہیں، پختونخوا میں پولیس مکمل آزاد اور سیاسی اثر و رسوخ سے پاک ہے، داوڑ کنڈی بھی عائشہ گلالئی جیسا کردار ادا کررہے ہیں، تحریک انصاف کی صفوں میں داوڑ کنڈی کی حیثیت عائشہ گلالئی جیسی ہی ہے۔ اس مذموم مہم کے پیچھے شریر ذہن اور گھٹیا مقاصد کار فرما ہیں، سیاسی عزائم کے حصول کی خاطر بے بنیاد الزام تراشی قابل مذمت ہے، مطالبہ کرتا ہوں کہ واقعے میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔