55 بھارتی ماہی گیروں کو 14 روز کے عدالتی ریمانڈپرجیل بھیج دیا گیا

 
0
342

کراچی،نو مبر13(ٹی این ایس) : کراچی میںجوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے 55 بھارتی ماہی گیروں کو 14 روز کے عدالتی ریمانڈپرجیل بھیج دیا ہے۔ تھانہ ڈاکس نے بھارتی ماہی گیروں کو عدالت میں پیش کیا ، میری ٹائم سیکورٹی حکام نے بھارتی ماہی گیروں کو پاکستان کی سمندری حدود میں غیرقانونی طورپر مچھلیوں کا شکار کرتے ہوئے پکڑ کر تھانہ ڈاکس پولیس کے حوالے کیا، میری ٹائم سیکورٹی حکام نے ماہی گیروں کی 9 کشتیاں اورجال قبضے میں لیے جبکہ پولیس نے ماہی گیروں کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

علاوہ ازیں میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے کھلے سمندر میں کارروائی کرکے مزید 23بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا، پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے جہازوں اور تیز رفتار کشتیوں نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر مچھلیوں کا شکار کرنے والے مزید 23بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کر کے4کشتیوں کو قبضے میں لے لیا جب کہ مزید قانونی کارروائی کے لیے ان بھارتی ماہی گیروں کو ڈاکس پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔