نفرت انگیز مواد پر مبنی غیر نصابی کتب کے خلاف کارروائی کیلئے سیکرٹری سکولز کی سربراہی میں کمیٹی قائم

 
0
391

لاہور، نومبر 16  (ٹی این ایس): وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سکولوں اور ہائر ایجوکیشن کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں غیر منظور شدہ کتب و امدادی مواد میں کسی نفرت انگیز ونا شائستہ مواد کی نشاندہی اور قانونی کارروائی کیلئے وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں کی زیر صدارت قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس چلڈرن لائبریری کمپلیکس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک، سپیشل سیکرٹری رانا حسن اختراور ایم ڈی پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈعبدالقیوم کے علاوہ ہائر ایجوکیشن، پولیس، پراسیکیوشن ، قانون اوراطلاعات و ثقافت کے محکموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈکے محکمانہ این او سی کے بغیر کوئی امدادی کتاب بازار میں فروخت کیلئے پیش نہیں کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی حساس نوعیت کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمے آئندہ سات یوم میں ایک متفقہ روڈ میپ طے کر کے منظم اندا ز میں آگے بڑھیں ۔ انہوں نے سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ یہ کمیٹی محکمہ سکول اور ہائر ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں میں استعمال ہونے والی کتب کا جائزہ لے گی۔انہوں نے قابل اعتراض کتب کے خلاف فوری پولیس کارروائی کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اپنے دائرہ کار میں امدادی و تجویز کردہ کتب میں کسی قسم کے نفرت انگیز مواد کی موجودگی کا جائزہ بھی لے ۔اس حوالے سے سکولوں ، کالجوں اور جامعات کے سربراہان سے رابطہ کیا جائے گا تا کہ کسی بھی سطح پر قابل اعتراض مواد تعلیمی عمل میں شامل نہ ہو۔

اس موقع پر محکمہ ہائر ایجوکیشن کے نمائندہ نے اجلاس کو بتایا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں قابل اعتراض مواد کی نشاندہی کیلئے سبجیکٹ وائز کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔یہ کمیٹیاں اپنے اپنے مضامین سے منسلک کتب کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں گی۔ سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی قسم کا نفرت انگیز مواد تعلیمی عمل کا حصہ نہ بنے اور اس حوالے سے متعلقہ ادارے اپنا کردار متحرک انداز سے ادا کریں تا کہ معاشرے میں انتشار نہ پھیلے۔قبل ازیں پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے ایم ڈی عبدالقیوم نے اجلاس کو بتایا کہ نفرت انگیز مواد کے خلاف کی گئی مختلف محکمانہ کارروائیوں کے دوران 2014ء سے اب تک34ایف آئی آرز درج کروائی گئی ہیں۔