سعودی عرب ،جرمنی میں تعینات اپنے سفیر کو احتجاجاً واپس بلالیا

 
0
358

ریاض ،نو مبر18(ٹی این ایس): سعودی عرب نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں تعینات اپنے سفیر کو احتجاجاً واپس بلالیا ہے۔جرمن وزیر خارجہ سگمار گیبرئیل نے اپنے لبنانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ سعودی عرب نے لبنان کے سابق وزیر اعظم سعد الحریری کو ان کی مرضی کے خلاف ریاض میں روک رکھا ہے۔سعودی عرب نے متنازع بیان پراحتجاج کرتے ہوئے برلن میں اپنے سفیر کوواپس بلالیا ہے۔

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ایسے بے بنیاد الزامات سے خطے میں استحکام کو نقصان پہنچے گا۔ سعودی حکومت نے جرمنی کو اس متنازع اور بے بنیاد الزام پر احتجاجی مراسلہ بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل لبنانی صدر اور لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ نے بھی سعودی عرب پر مستعفی وزیراعظم سعدالحریری کو سعودی عرب میں یرغمال بنانے اوراستعفیٰ دینے کے لیے دباﺅ ڈالنے کا الزام عائد کیا تھا جبکہ سابق وزیراعظم نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سعودی عرب میں مکمل آزاد ہیں اور اپنی زندگی کو لاحق خطرات کی وجہ سے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں۔