وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اورگورنر پنجاب رفیق رجوانہ کے درمیان ملاقات،ترقیاقی منصوبوں پر تبادلہ خیال

 
0
910

لاہور نومبر 27(ٹی این ایس) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اورگورنر پنجاب رفیق رجوانہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں اورجنوبی پنجاب کے عوام کے فلاح وبہبود کیلئے جاری پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے امانت، دیانت اورمحنت سے خدمت خلق کی نئی تاریخ رقم کی ہے اورہمار ا ہر قدم عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت نفاق کا نہیں بلکہ اتفاق و اتحاد کا ہے ۔قومی یکجہتی اوربھائی چارے کو فروغ دے کر ہی پاکستان کو آگے لیجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے صوبے بھر میں بڑے منصوبے تیزی سے مکمل کیے ہیں ۔جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے اورجنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے آبادی کے تناسب سے زیادہ فنڈ فراہم کیے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کی تعمیرو ترقی کیلئے ایسے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں جن کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔

انہوں نے کہاکہ خادم پنجاب دیہی روڈ ز پروگرام کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے ہزاروں کلو میٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیرو مرمت کی گئی ہے۔دانش سکول،موبائل ہیلتھ یونٹس اوردیگر بڑے فلاحی پروگرام بھی جنوبی پنجاب میں شروع کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے صرف کھوکھلے دعوؤں اور خالی نعروں سے جنوبی پنجاب کے عوام کا دل بہلایا اوران حکمرانوں نے علاقے کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہ کیے،اسی طرح جنوبی پنجاب سے آنے والے حکمرانوں نے بھی اس علاقے کوبری طرح نظر انداز کیا ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اوریہاں کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے کئی ایک بڑے منصوبے مکمل کیے ہیں۔ فلاح عامہ کے جتنے منصوبے مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب میں شروع کیے ہیں، اس کی مثال 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔جنوبی پنجاب کے عوام نے پہلے بھی مسلم لیگ(ن) پر اعتماد کیا اورآئندہ بھی کریں گے۔ گورنرپنجاب رفیق رجوانہ نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اربوں روپے کے اضافی فنڈ دے کر جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف جنوبی پنجاب کے ہر بڑے منصوبے کی خود نگرانی کرتے ہیں اورانہوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام شہبازشریف کیساتھ والہانہ محبت کرتے ہیں ۔