شنگھائی  تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے  آج وزیرِ اعظم کی  روس روانگی

 
0
375

اسلام آباد، نومبر 30 (ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج  روس کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ سوچی نامی  میں شروع ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کے سولہویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔وہ اپنے روسی ہم منصب  ڈی اے میدویدیو کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔

اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی تعاون کے امکانات ‘ حکمت عملی اورترجیحات پرغور کیاجائے گا ۔شاہد خاقان عباسی شنگھائی تعاون تنظیم کے اپنے دوسرے ہم منصبوں کے ہمراہ روس کے وزیراعظم کی جانب سے دئیے جانے والے ایس سی او  ای ٹریٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ استقبالیہ کے بعد سربراہان حکومت کی کونسل کا ابتدائی سیشن ہوگا جس میں وزیر اعظم دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ سمیت شنگھائی تعاون کے اہداف کے حوالے سے پاکستان کے عزم اور علاقائی امن واستحکام اورترقی کیلئے اس کی مخلصانہ پالیسی پرروشنی ڈالیں گے ۔

وزیر اعظم سربراہ اجلاس کے موقع پر دوطرفہ ملاقاتیں بھی کرینگے ۔پاکستان اس سال مکمل رکنیت حاصل کر نے کے بعد پہلی بار شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت کررہا ہے ۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد میں ثقافتی تنوع اور اچھی ہمسائیگی کے تعلقات کیلئے باہمی اعتماد اور مساوات کا قیام شامل ہے ۔