پاکستان اور جرمنی کے درمیان قابل تجدید توانائی، بہتر گرڈ کنکشن اور مائیکرو فنانس اقدامات کے ذریعے مالی خدمات تک رسائی کی بہتری کیلئے 2 کروڑ 24 لاکھ یورو کی مالی معاونت کیلئے معاہدہ پر دستخط

 
0
391

اسلام آباد جولائی 26 (ٹی این ایس): پاکستان اور جرمنی کے درمیان قابل تجدید توانائی، بہتر گرڈ کنکشن اور پاکستان مائیکرو فنانس انویسٹمنٹ کمپنی کے ساتھ مائیکرو فنانس اقدامات کے ذریعے مالی خدمات تک رسائی کی بہتری کیلئے 2 کروڑ 24 لاکھ یورو کی مالی معاونت کیلئے معاہدہ پر دستخط ہو گئے ہیں۔ یہ مالی معاونت پاکستان۔جرمنی ترقیاتی پروگرام کے تحت دی جائے گی۔ اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری نور احمد اور جرمن سفارتخانہ کے ناظم الامور ڈاکٹر جینز جوکچ کی جانب سے معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور محمد حماد اظہر بھی موجود تھے۔ اس مالی معاہدہ کیلئے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سماجی صحت کے تحفظ کی سکیموں میں بھی معاونت کی جائے گی اور وزارت قومی صحت، خدمات کے تعاون سے پولیو کے خاتمہ کیلئے سرمایہ کاری اور محروم طبقات کیلئے ہیلتھ انشورنس کی فراہمی شامل ہو گی۔ پاکستان اور جرمنی کے درمیان 1961ء سے ترقیاتی تعاون جاری ہے جس کے تحت 3 ارب یورو کی فنڈنگ کی جا چکی ہے۔
پاکستان اور جرمنی مستقبل کے منصوبوں کیلئے برلن میں 2019ء میں حکومتی سطح پر ہونے والی بامعنی بات چیت کیلئے متمنی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے جرمن حکومت کا پاکستان کے عوام کی بہتری کیلئے دی گئی امداد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس امداد کا قابل تجدید توانائی، سماجی صحت کے تحفظ اور مالیاتی خدمات تک رسائی میں حکومت کے ترجیحی شعبہ جات کیلئے کلیدی کردار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت جرمنی کی جانب سے اس امدادی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی اور سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں کی سطح پر ستمبر 2019ء میں ہونے والی بات چیت سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔