حکومت کو ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی اور پیدا ہونے والی صورتحال پر عوام کے سامنے آکر معافی مانگنی چاہیے تھی ٗ ندیم افضل گوندل

 
0
371

اسلام آباد  نومبر 30(ٹی این ایس)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل گوندل نے کہا کہ حکومت کو ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر عوام کے سامنے آکر معافی مانگنی چاہیے تھی۔ایک انٹرویو میں ندیم افضل گوندل نے کہا کہ جب اتنی بڑی غلطی ہوگئی تو پھر اس پر پردے کے پیچھے چھپنے کا کوئی جواز پیدا نہیں تھا لہذا معاملات خراب ہونے سے پہلے ہی عوام کو بتانا چاہیے تھا کہ اصل میں کون اس میں ملوث تھا۔

انھوں نے کہا کہ اس طرح کے حالات میں آپریشن کرنا یا لاشیں گرانا کوئی حل نہیں ہوتا، لہذا یہ حکومت کا کام تھا کہ وہ ملک کو اس الجھن کی کیفیت سے باہر نکال کر مسئلے کا حل تلاش کرتی۔انہوں نے کہاکہ جب پہلے دن لاہور سے مظاہرین کا کارواں نکلا تو کسی نے نہیں روکامگر جب 20 روز تک یہی لوگ فیض آباد پر بیٹھے رہے تو کسی نہ کسی انداز سے اداروں کو اس ملوث ہونے کا تاثر دیا جاتا رہا جس سے مسئلہ حل ہونے کے بجائے مزید خراب ہوگیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کے مطابق 20 روز میں حکومت ان مظاہرین سے مذاکرات نہ کرسکی اور یہ بدقسمتی ہے کہ ریاست خود اپنے آپ کو کمزور ثابت کررہی ہے۔انھوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کو مستحکم کرنا سب کی ذمہ داری ہے، مگر سب سے پہلا کام حکومت ہے کہ وہ ایسے اقدامات کرے جن سے کسی قسم کی خانہ جنگی کی صورتحال پیدا نہ ہو۔