نوازشریف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کردیا ٗعمران خان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ٗ عابد شیر علی

 
0
348

ملتان دسمبر 5(ٹی این ایس)وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ نوازشریف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کردیا ٗعمران خان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ٗ ان کے دماغ کی سپلائی بڑھ گئی ہے ٗسارا پنڈ چوہدری بن جائیگا عمران خان انتخابات میں روتے رہ جائینگے ٗ عمران خان کے پی کے کی فکر کریں ٗوہاں بھی اب شیروں کا راج ہوگا اور وہ ماچس کی تیلی کی طرح اڑ جائیں گی ٗ2018 میں عوام شیر پر مہر لگا کر جزا اور سزا کا فیصلہ کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ نواز شریف نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کردیا ٗ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا 2018 کا وعدہ 2017 میں ہی پورا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں 6،6 لاکھ روپے کے ٹرانسفارمرز دیئے گئے لیکن ہمارے دور میں ہم نے اس کو 50 فیصد تک کم کیا، بجلی ترسیل کا نظام بہتر بناکر لائن لاسز میں کمی کی گئی۔

ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، ان کے دماغ کی سپلائی بڑھ گئی ہے، وہ نوازشریف سے خوفزدہ تھے لیکن عمران خان سے کہتا ہوں سارا پنڈ چوہدری بن جائے گا لیکن وہ انتخابات میں روتے رہ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نحوست اور دھرنوں کی وجہ سے آج پاکستان پیچھے چلا گیا ہے ٗوہ شہبازشریف کی رفتار اور اپنے ہوا میں اڑ جانے والے وزیراعلیٰ کی ترقی کا موازنہ کریں ٗ خیبرپختونخوا کے وزرا کرپشن سے بھرے ہیں ٗعمران خان ان کے ہیلی کاپٹر استعمال کریں تو ٹھیک لیکن جب یہاں آتے ہیں تو یورپ کے بھاشن دیتے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بڑی باتیں کرتے ہیں کہ اربوں روپیہ ملک سے باہر گیا تاہم ان کے پاس کوئی ثبوت ہے کہ ہم نے چار آنے چوری کیے ٗ وہ صرف پاکستان میں انتشار پھیلانا اور ترقی روکنا چاہتے ہیں۔

عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کے پی کے کی فکر کریں، وہاں بھی اب شیروں کا راج ہوگا اور وہ ماچس کی تیلی کی طرح اڑ جائیں گی۔جاوید ہاشمی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ جاوید ہاشمی قابل احترام ہیں، وہ لوٹے نہیں بنے، انہوں نے پی ٹی آئی کی نشست سے استعفیٰ دیا اور پھر الیکشن لڑا ٗجاوید ہاشمی کی سیاسی جدوجہد ہے، انہوں نے مشرف کے دور میں بھی 4 سال جیل کاٹی۔انہوں نے کہا کہ جب عمران خان نے تھرڈ امپائر کی بات کی تو جاوید ہاشمی نے جمہوریت کے خلاف سازش کو بے نقاب کیا ٗوہ ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے کردار ادا کرتے ہیں، ان کے کردار کو اچھی نظر سے دیکھتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہاکہ نوازشریف کی غیبی قوت عوام ہیں اور عوام ہی انہیں مسترد کرسکتے ہیں جبکہ نوازشریف اگر اداروں کا احترام نہیں کرتے تو ملک میں خانہ جنگی ہوتی، پاکستان میں نوازشریف، ان کی حکومت اور ملکی ترقی کے خلاف ذہن بنایا گیا ہے، واویلا مچایا گیا کہ اتنے ارب چلے گئے۔عابد شیر علی نے کہا کہ مشرف اور آصف زرداری نے لوڈشیڈنگ پر قابو کیوں نہیں کیا، ان کے دور میں موٹرویز کیوں نہیں بنے، اب 2018 میں عوام شیر پر مہر لگا کر جزا اور سزا کا فیصلہ کریں گے۔