پولیس کو ازسر نو تشکیل دیا جائے گا، رشوت خور اہلکاروں اور افسران کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہو گی،آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کا تقریب سے خطاب

 
0
846

اسلام آباد دسمبر 9(ٹی این ایس) انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے رشوت ستانی کے خاتمے، عوام دوست ماحول، خدمت سے سرشار پولیس اور پیشہ وارانہ مہارت یافتہ فورس کی بنیادوں پر وفاقی پولیس کی ازسر نو تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کو پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں بطور آئی جی چارج سنبھالنے کی تقریب کے موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو ازسر نو تشکیل دیا جائے گا اور پولیس سے رشوت ستانی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رشوت خور پولیس اہلکاروں اور افسران کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہو گی، عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے ایس ایم ایس سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت 24 گھنٹوں میں شکایات کے ازالے کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی ذمہ داری شہریوں کا تحفظ ہے اور انہیں ہر حال میں عوام کی خدمت کے لئے تیار رہنا چاہے۔

 انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے اور پولیس ملازمین کے لئے بچوں کی بہتر ماحول میں تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لئے مساوی ہے اور اس پر سختی عملدرآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے جرائم کی روک تھام کا نظام متعارف کرائیں گے جس سے جرائم کی شرح میں کمی واقع ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد پولیس کو مثالی پولیس بنانا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس سلطان اعظم تیموری نے کہا کہ مستقبل میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں سے نمٹنے کے لئے انسداد فسادات یونٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔