نارووال دسمبر 10(ٹی این ایس) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبا ل نے کہا ہے کہ حکومت نے کھیلوں کو مقبول بنانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات شروع کئے ہیں، پاکستان ایک بار پھرکھیلوں کے میدان میں دنیا میں اپنا مقام بنا رہا ہے،کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے ٹی ٹونٹی چیمپئنز ٹرافی جیتی ہے،2013ء میں اقتدار سنبھالا تو کھیلوں کے میدان ویران تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں سپورٹس میلہ کی اختتامی تقریب کے موقع پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نارووال میں سپورٹس سٹی تعمیر کیا جارہا ہے‘ یہ اپنی نوعیت کاواحد سپورٹس سٹی ہو گا‘ جہاں 14 کھیلوں کے مقابلے ہو سکیں گے، ایسی سہولت پاکستان کے کسی ضلع میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام مقابلے سپورٹس مین سپرٹ کے تحت ہوئے۔ میچ ہارنے کے بعد دھرنا نہیں بلکہ اگلے میچ کی تیاری کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی سیاست میں آئے‘ سپورٹس مین سپرٹ کا مقابلہ اس نے نہیں کیا بلکہ 2013ء کے انتخابات کی ہار کو تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کو روکنے کیلئے سازش کی جارہی ہیں،ہم نے سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور کر رہے ہیں اور ملک کو آگے لے کر گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی نعروں اور تقریروں سے نہیں بلکہ کام کرنے سے آتی ہے‘ ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے اور نارووال میں بہترین یونیورسٹیاں قائم کی گئی ہیں تاکہ ضلع کے بچے اور بچیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں اور انہیں دوسرے اضلاع میں نہ جانا پڑے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ رکھتے ہیں اور برائیوں سے بچاتے ہیں ۔ اس سے نوجوانوں کو کھیلوں پر بھرپور توجہ دینی چاہئے‘ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل احمد اقبال اور خواجہ وسیم پارلیمانی سیکرٹری بھی موجود تھے۔













