فلسطین کو دیوار سے لگانے کی پالیسی  کوخطرناک مسلم قیادت کو غیر معمولی فیصلے کرنا ہوں گے، شہباز شریف کا انتباہ

 
0
386

استنبول ، دسمبر 13 (ٹی این ایس):  وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دنیائے امن کے لئے فلسطین کو دیوار سے لگانے کی پالیسی  کوخطرناک  قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی قیادت کو غیر معمولی حالات میں غیر معمولی فیصلے کرنا ہوں گے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی  اور وزیرِ خارجہ خواجہ آصف کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ترکی پہنچ گئے ہیں ۔دونوں رہنما مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے اسلامی سربراہی کانفرنس کے خصو صی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ استنبول ائرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امریکی سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس میں منتقل کرنے کے امریکی اعلان نے مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے۔امریکہ کے اس اقدام سے دنیا میں قیام امن کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے اور ڈونلڈٹرمپ نے متنازعہ اعلان کرکے دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کے جذبات و احساسات کا خون کیا ہے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ترکی میں منعقد ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کو تمام مسلمانوں کے جذبات کو سامنے رکھتے ہوئے مناسب اور دانشمندانہ فیصلے کرنا ہیں۔