کوئٹہ دھماکے کے بعد پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ

 
0
318

لاہور دسمبر 17(ٹی این ایس)کوئٹہ میں چرچ پر خود کش حملے کے بعد پنجاب میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ، اقلیتی عبادتگاہوں کی سکیورٹی بڑھا کر اسے مزید سخت کر دیاگیا ۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے کوئٹہ میں مسیحی عبادتگاہ پر خود کش حملے کے فوری بعد صوبہ بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔ اتوار کے روز مسیحی عبادتگاہوں میں دعائیہ تقریبات کے پیش نظر پہلے سے موجود سکیورٹی کو بڑھا کر مزید سخت کر دیا گیا جبکہ عبادتگاہوں کی طرف آنے والے راستوں پر بھی ناکے لگا لئے گئے ۔ ایلیٹ اور پولیس کی گاڑیاں بھی عبادتگاہوں کے اطراف میں پیٹرولنگ کرتی رہیں۔ حفاظتی انتظامات کے پیش نظر اہم سرکاری و نجی اورپولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عمارتوں،رش والے مقامات کی سکیورٹی کو بھی مزید سخت کر دیا گیا ۔ شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کو مزید سخت کر کے ہر آنے اور جانے والی گاڑی کی جامع تلاشی لی گئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دئیے گئے ہیں۔