اسلام آباددسمبر 19(ٹی این ایس) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے نیویارک اور پیرس میں قائم ہوٹلوں کو بیچنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، نیویارک کا روز ویلٹ ہوٹل کی قیمت ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، یہ ہمارے اثاثے ہیں، حکومت نے اس ادارے کو بہتر کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کی ہیں۔منگل کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر سحر کامران کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ 15 سے 20 سال سے پی آئی اے تنزلی کا شکار ہے جس کی وجہ اضافی ملازمین، بد انتظامی اور پرانے جہاز تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس ادارے کو بہتر کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کی ہیں، بہت سے طیارے ڈرائی لیز پر لئے گئے ہیں تاکہ پی آئی اے کا عملہ کھپایا جا سکے، حج سیزن کے دوران ویٹ لیز پر بھی طیارے لئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے نئے چیف کو دو سال کے کنٹریکٹ پر لایا گیا ہے جو ادارے کو بہتر بنانے کے لئے منصوبہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک اور پیرس کے ہوٹلوں کو بیچنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، نیویارک کا روز ویلٹ ہوٹل کی قیمت ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، یہ ہمارے اثاثے ہیں۔













