عالمی بینک کی پاکستان کیلئے 82 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری

 
0
9081

اسلام آباد دسمبر 20(ٹی این ایس)عالمی بینک نے پاکستان کے لئے 82 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرضے کی منظوری دے دی ٗ رقم سے بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنایا جاسکے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی بینک پاکستان کو 82 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرضہ دیگا جس کی منظوری بھی دی جاچکی ہے ٗ قرضے کی رقم سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور بجلی کے نظام کی ترسیل بہتر بنانے کے لئے خرچ کی جائے گی۔

عالمی بینک کے مطابق قرضے کی مجموعی رقم میں سے 42 کروڑ 50 لاکھ ڈالر نیشنل ٹرانسمیشن سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر خرچ ہوں گے اور اس سے پاکستان میں ٹرانسمیشن سسٹم بہتر بنایا جاسکے گا۔عالمی بینک کے قرضے سے 500 اور 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنز میں توسیع اور اب گریڈیشن کی جائیگی جبکہ 40 کروڑ ڈالر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے نظام کی بہتری پر خرچ ہوں گے۔عالمی بینک کے مطابق قرضے سے وفاقی اور صوبائی اداروں میں تنخواہوں اور پنشن کے نظام میں بہتری آئیگی۔