ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کے باعث سردی شدت بڑھ گئی ٗ برف باری سے زمینی رابطہ مقطع

 
0
38198

اسلام آباد دسمبر 20(ٹی این ایس)ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کے باعث سردی شدت بڑھ گئی ٗگلگت ٗہنزہ ٗ غذر ٗ اسکردو، بلتستان ڈویژن کے تمام اضلاع اور پہاڑوں پر برفباری سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ اگلے 5سے 6 ماہ کیلئے منقطع ہوگیا جس کے نتیجے میں مکین گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔محکمہ موسمیا ت کے مطابق سب سے زیادہ سردی مالم جبہ میں محسوس کی گئی جہاں درجہ حرارت منفی 6 جبکہ چترال ٗ پاراچنار اور کالام میں منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔کراچی میں بھی سردی کی شدت برقرار رہی ٗ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ٗ شہر کا موجودہ پارہ 25.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد کا درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری کے درمیان رہنے کاامکان ہے ٗصبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 30 فیصدریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب بلوچستان میں آج کم سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خضدار میں 21، اورماڑہ 18، لسبیلا 17، جیونی 07، گوادر 06، پسنی 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بالاکوٹ میں بھی بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی۔محکمہ موسمیات نے راولپنڈی ٗ اسلام آباد ٗ گوجرانوالا ٗ ڈیرہ غازی خان ٗ ملتان ٗ بہاولپور اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ذرائع کے مطابق استور ضلع بھر میں برف باری کا سلسلہ دوبارہ سے شروع ہوگیا جس کے رات بھر جاری رہنے کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ٗ کئی فٹ برف پڑ جانے کی وجہ سے پیدل سفر کرکے اسکول جانے والے بچوں کو مشکلات کا سامنا کر ناپڑا۔