چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثارکی ملتان آمد،ہائیکورٹ بنچ ،نیوجوڈیشل کمپلیکس اور پرانی کچہری کا دورہ کیا،وکلاء اورججز نے شانداراستقبال کیا

 
0
3775

ملتان دسمبر 20(ٹی این ایس)چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ملتان آمد پر ہائیکورٹ بنچ ، نیوجوڈیشل کمپلیکس اورپرانی کچہری کادورہ کیا،وکلاء اور ججزصاحبان نے چیف جسٹس کا ملتان آمد پر شانداراستقبال کیا،چیف جسٹس نے وکلاء کے وفد سے ملاقات کی اورنیوجوڈیشل کمپلیکس میں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی،چیف جسٹس نے نیوجوڈیشل کمپلیس میں سہولیات کے فقدان پرحیرانگی کا اظہاربھی کیا،

تفصیلات کے مطابق ملتان میں کچہری کی منتقلی اوروکلاء کے دھرنے کے ایشو پرچیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ملتان کا ایک روزہ دورہ کیا،چیف جسٹس پہلے لاہورہائیکورٹ ملتان بنچ پہنچے جہاں مردوخواتین وکلاء کی بڑی تعداد نے ان کا شانداراستقبال کیا،چیف جسٹس ویلکم کے نعرے لگائے ،چیف جسٹس کو گارڈآف آنر پیش کیا گیا ،جسٹس امیرالدین خان،جسٹس مسعود جہانگیر،جسٹس باقر نجفی سمیت ججز صاحبان نے چیف جسٹس کا استقبال کیا اورانہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے،چیف جسٹس کے ہمراہ پاکستان بارکونسل کا چار رکنی وفد بھی ہمراہ تھا،

بعدازاں چیف جسٹس نے متی تل پر قائم نیو جوڈیشل کمپلیس کا دورہ کیا اورحالات کا جائزہ لیا،چیف جسٹس آف پاکستان نے نیو جوڈیشل کمپلیکس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا،وکلاء نے چیف جسٹس کو مسائل سے اگاہ کیا کہ یہاں کسی قسم کے چیمبرز نہیں بنائے گئے ،نا ہی بارروم،لائبریری روم بنایا گیا،اسی طرح سائلین شلیٹر یا ویٹنگ روم سے محروم ہیں۔: وکلاء نے چیف جسٹس سے کچہری واپس منتقلی کا مطالبہ کیا،چیف جسٹس نے وکلاء کے مسائل سنے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے جس پر وکلاء نے چیف جسٹس کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے نیو جوڈیشل کمپلیکس میں سہولیات کے فقدان پرحیرانگی کا اظہارکرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیرمحمدخان سے اظہارناراضگی بھی کیا،چیف جسٹس سے کچہری منتقلی کیخلاف دھرنا دینے والے وکلاء نے بھی ملاقات کی۔دوسری طرف چیف جسٹس کی ملتان آمد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،ایس پی کینٹ کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دئیے۔