پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ کا بڑا اعلان، دنیا کی بلند ترین اور خطرناک چوٹی ماونٹ ایورسٹ بنا آکسیجن سر کریں گے،سفر کا آغاز آج سے

 
0
461

اسلام آباد، دسمبر 21 (ٹی این ایس):پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ کا دنیا کی بلند ترین اور خطرناک چوٹی ماونٹ ایورسٹ بنا آکسیجن سر کرنیکا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس خواب کی تکمیل کیلئے اپنے سفر کا آغازآج سے کرینگے، خواہش ہے موسم سرما میں ماونٹ ایورسٹ پر پاکستانی جھنڈا لہرا کر دنیا کا واحد کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کروں، وزیر اعلی گلگت بلتستان نے حوصلہ افزائی کی بجائے حوصلہ شکنی کی جو وعدہ کرکے بھول گئے اور 21ہزار ڈالرز دینے سے انکار کیا۔

اسلام آباد میں الپائن کلب آف پاکستان کے صدر ابو زر ظفر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی سد پارہ کا کہنا تھا کہ دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایوریسٹ کو مصنوعی آکسیجن کے بغیر سر کروں گا جبکہ اس سے قبل دو بار بنا آکسیجن کے نانگا پربت چوٹی سر کرنے کا اعزاز حاصل کر چکا ہوں، ماونٹ ایورسٹ میں میرے ساتھ اسپین کا کوہ پیما ہو گا، پوری قوم سے دعاوں سے درخواست ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بطور 25سال تمام چوٹیوں پر سامان لیکر گیا، غیر ملکی اپنا جھنڈا لہراتے تھے تو دل میں خواہش ہوئی کہ کیوں نہ میں پاکستان کا جھنڈا لہراوں۔

علی سدپاہ نے بتایا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے حوصلہ افزائی کی بجائے حوصلہ شکنی کی اور وعدہ کرکے بھول گئے جبکہ وزیر اعلی گلگت بلتستان 21ہزار ڈالرز دینے سے انکار کیا جن کا کہنا تھا کہ وہ ملک کا نام روشن کرنیوالے کوہ پیما کو پیسے دینے کی بجائے یہ پیسے کسی سکول کو کیوں نہ دے دیں، انہوں نے بتایا کہ وہ ماونٹ ایورسٹ سر کرنے کے سفر کا آغازآج سے کرینگے، 26دسمبر سے 21مارچ تک چوٹی سر کرنے کی کوشش کرینگے، چوٹی سر کرنے کے دوران درجہ حرارت منفی 50سے منفی 55سینٹی گریڈ ہوگا۔

اس موقع پر الپائن کلب آف پاکستان کے صدر ابو زر ظفر کا کہنا تھا کہ علی سدپارہ پاکستان کی کوہ پیمائی میں اہم اثاثہ ہے,امید ہے علی سدپارہ ماونٹ ایورسٹ چوٹی سر کرنے کے کارنامے میں ضرور کامیاب ہونگے,ابوزر ظفرنے کہاکہ چوٹی سر ہوئی تو دنیا میں واحد کوہ پیما ہونگے جو موسم سرما میں چوٹی سر کرینگے,اس مہم کے دوران 60ہزار ڈالرز اخراجات آئینگے۔