بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے اہلیہ اور والدہ کی ملاقات آج ہو گی

 
0
675

راولپنڈی ،دسمبر25(ٹی این ایس):بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے اہلیہ اور والدہ کی ملاقات آج ہو گی ۔ تفصیلات کے مطابق کلبھوشن یادیو کے اہل خانہ کی پرواز دھند کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئی ہے ۔ البتہ دفتر خارجہ نے اپنے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ کلبھوشن یادیو کے اہل خانہ پرواز ای کے 612 سے براستہ دبئی پاکستان پہنچیں گے ۔ پاکستان پہنچنے پر انہیں دفتر خارجہ لے جایا جائے گا۔

ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق پرواز کی آمد 11 بجکر 30 منٹ پر متوقع ہے ۔ اس موقع پر ائیر پورٹ پر دفتر خارجہ کے اعلٰی حکام سمیت بھارتی سفارتخانے کا عملہ بھی موجود ہو گا۔ ائیر پورٹ کے اطراف میں سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ دیگر سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کی حراست میں ہے۔