کلبھوشن یادیو سے ملاقات کیلئے اس کی والدہ اور بیوی اسلام آباد پہنچ گئیں

 
0
557

اسلام آباد ،دسمبر25(ٹی این ایس):پاکستان میں قید بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن یادیو سے ملاقات کیلئے اس کی والدہ اور بیوی اسلام آباد پہنچ گئیں۔اس موقع پر بینظیربھٹو ایئرپورٹ پر سیکورٹی ہائی الرٹ ہے ،راول لاوٴنج کےباہراسلام آباد پولیس سمیت دفترخارجہ کی گاڑیاں موجودہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرجےپی سنگھ کی بزنس کلاس کی سیٹ نمبر06اےہے جبکہ کلبھوشن جادیوکی والدہ آونتی جادیوکی بزنس کلاس کی سیٹ 05بی اور اہلیہ چیتناجادھوکی بزنس کلاس کی سیٹ نمبر05اےہے۔ پاکستان نے گرفتار بھارتی جاسوس اور دہشتگرد کلبھوشن یادیو کی اہل خانہ سے ملاقات کی تیاریاں مکمل کرلیں۔ دفترخارجہ کے مطابق کلبھوشن جادیو کی والدہ اور بیوی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گی اور ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوجائیں گی، کلبھوشن جادیو کی یہ ملاقات دفترخارجہ میں کرائی جائے گی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے کلبھوشن کی اس کے والد اور والدہ سے ملاقات کرانے کا کہا تھا لیکن کلبھوشن نے کہا وہ اپنی بیوی سے ملنا چاہتا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق کلبھوشن سے اس کی بیوی اور والدہ سے ملاقات کا دورانیہ 15منٹ سے ایک گھنٹے تک ہوگا۔ تین مارچ 2016 کو بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن یادیو کو بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے گرفتار کیا گیا، بھارتی جاسوس پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھا جس کا اعتراف اس نے اپنے بیان میں بھی کیا۔ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے کلبھوشن یادیوکو 10 اپریل 2017 کو پھانسی کی سزا سنائی، کلبھوشن یادیو کی رحم کی اپیل آرمی چیف کے پاس ہے۔ بھارت معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں بھی لے جا چکا ہے۔ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر کلبھوشن یادیو کی والدہ اور بیوی سے ملاقات کی پیشکش کی۔