چرچ پر حملہ کرنیوالے دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے, ملکر لڑنا ہوگا میڈیا اس سلسلے میں ایک اہم رول ادا کرسکتا ہے ،،نورس جن ‘پاسٹر اکرم کا تقریب سے خطاب

 
0
325

کوئٹہ،دسمبر 25 (ٹی این ایس): کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ چرچ پر حملہ کرنیوالے دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے دہشتگردوں کیخلاف ملکر لڑنا ہوگا میڈیا اس سلسلے میں ایک اہم رول ادا کرسکتا ہے اگر چہ میڈیا بھی دہشتگردوں کی فرنٹ لائن پر ہے کوئٹہ شہر مسیح برادری کیلئے ایک محفوظ علاقہ تھا تاہم دہشتگردوں نے پہلی بار حملہ کرکے کئی جانوں کا ضائع کیا حکومت شہداء اور زخمیوں کیلئے اعلان کردہ رقم ان کے حوالے کریں ‘یہ بات پیر کے روزیونائٹیڈ منسٹری آرگنائزیشن کے صدر نورس جن ‘پاسٹر اکرم نے کوئٹہ پریس کلب میں کرسمس کے حوالے سے کیک کاٹنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی‘اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عبدالخالق رند‘سابق صدر شہزادہ ذوالفقار‘جسٹس پارٹی کے صدر ملک سمندر خان کاسی ‘وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوارڈنیٹر مرزا شمشاد اور دیگر بھی موجود تھے‘ انہوں نے کہاکہ حضرت محمدﷺ کا ارشاد ہے کہ ہمیں آپس کی نفرتیں ختم کرکے متحد ہونا ہے ہم ان کے قول پر عمل کرتے ہوئے آپس کی اختلافات اور تمام تعصب سے بالاتر ہو کر زندگی گزارنی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر واقع چرچ پر جو حملہ ہوا وہ دہشتگردی کی بدترین مثال ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسیح برادری کیلئے کوئٹہ ایک محفوظ علاقہ تھا لیکن دہشتگردوں نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چرچ پر حملہ کیا جس سے کئی جانیں ضائع ہوئی اور زخمی بھی ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے اس سلسلے میں جو معاوضے کا اعلان کیا جاں بحق افراد کیلئے20.20لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کیلئے 10,10لاکھ روپے جلد ادا کریں کیونکہ اس وقت زخمی مختلف مشکلات کا شکار ہے ۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کیخلاف اور مظلوم عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے میڈیا ایک اہم رول ادا کرسکتا ہے اگر چہ اس وقت میڈیا بھی دہشتگردوں کی فرنٹ لائن پر ہے لیکن پھر بھی ہماری امید ہے کہ میڈیا اس سلسلے میں اپنا قلم استعمال کریں‘اس موقع پر انہوں نے کرسمس کیک کاٹاگیا۔