مقدمات کی جلد سماعت کیلئے متعلقہ معزز احتساب عدالتوں میں درخواستیں دائر کی جائیں‘چیئرمین نیب

 
0
399

اسلام آباد دسمبر 26(ٹی این ایس)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر)جاوید اقبال نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں نیب کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔قومی احتساب بیورو کے چیئرمین نے نیب کے مختلف ریجنل بیوروز میں اس وقت جاری تقریبا 499انکوائریوں‘287 انوسٹی گیشنز کے بارے میں ہدایت کی کہ بتایا جائے کہ یہ انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز کتنے عرصہ سے نیب کے مختلف ریجنل بیوروز میں جاری ہیں اور پہلے سے طے شدہ قانون کے مطابق دس ماہ کے وقت کے اندر کیوں یہ انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز منطقی انجام تک پہنچائی گئیں تاکہ ان کو بدعنوانی کے ریفرنس کی صورت میں معزز احتساب عدالتوں میں دائر کیا جاتا۔

اس وقت نیب کے تقریبا 1138 بدعنوانی کے ریفرنس زیر سماعت ہیں جن میں نیب لاہور کے 347ریفرنس‘ نیب کراچی کے 275‘ نیب خیبر پختونحواہ کے 185‘ نیب بلوچستان کے 97 ریفرنس‘ نیب راولپنڈی کے 171 ریفرنس‘ نیب ملتان کے 34 اور نیب سکھر کے 29 ریفرنس معزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا کہ ان مقدمات کی جلد سماعت کیلئے متعلقہ معزز احتساب عدالتوں میں درخواستیں دائر کی جائیں تاکہ بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی تقریبا 900 ارب روپے کی خطیر رقم برآمد کر کے قومی خزانہ میں جمع کروائی جائے اور ساتھ ساتھ بدعنوان عناصر کو معزز احتساب عدالتوں سے قانون اور شواہد کی بنیاد پر سزا دلوائی جاسکے۔