عافیہ کی واپسی کیلئے امریکی انتظامیہ کو ایک خط نہ لکھنا 2017 ء کاالمیہ ہے: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

 
0
320

کراچی دسمبر 30(ٹی این ایس)ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اپیل کی ہے کہ پوری قوم اس دعا اور عزم کے ساتھ نئے سال کا آغاز کرے کہ اللہ تعالیٰ 2018ء کے نئے سال کو عالم اسلام اور پیارے وطن پاکستان کیلئے امن، استحکام، ترقی و خوشحالی اورقوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ، بے گناہ قیدیوں اور لاپتہ افراد کی رہائی اور اپنے پیاروں سے ملنے کا سال بنا دے اور ہمیں ایسے حکمران عطا فرمائے جو عالمی برادری میں عزت کے ساتھ رہنے کا عزم اور جرات رکھتے ہوں۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ آج2017 ء کا آخری سورج غروب ہوکر عافیہ کی قید ناحق میں ایک سال کا مزید اضافہ اور 5390 دن مکمل کرکے رخصت ہوگا۔عافیہ کی وطن واپسی کیلئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا اس سال کے آغاز پر امریکی انتظامیہ کو ایک خط نہ لکھنا 2017 ء کا ایک المیہ ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ نے مزیدکہا کہ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے قومی وقار اور عزت پر سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں،اب باری پارلیمنٹ اوردیگر ریاستی اداروں کی ہے کہ وہ بھی عالمی برادری میں قوم کے وقاراور عزت کو بلند کرنے کیلئے ذمہ داریاں اد ا کریں۔ عافیہ کی وطن واپسی، ٹیلی فون پر بات چیت اور ملاقات کیلئے عافیہ کے اہلخانہ اور پوری قوم سندھ، لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹس اور وفاقی محتسب اعلیٰ کے احکامات پر عملدرآمد کی منتظر ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ عظمت ہمیشہ غیرت مند قوموں نے ہی حاصل کی ہے۔ عافیہ پاکستانی شہری، معصوم و بے گناہ اور قوم کی عزت ہے۔ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں اور تمام سیاستدانوں نے عافیہ کو قوم کی بیٹی کہا ہے۔

امریکہ بلیک واٹر کے ایجنٹ اورپاکستان کی سرزمین پر قتل کے مجرم اپنے شہری ریمنڈ ڈیوس کو واپس لے گیا اور بھارت اپنے جاسوس اور دہشت گرد شہری کلبھوشن یادیو کے لئے عالمی عدالت میں چلا گیا۔اندرون اور بیرون ملک میں مقیم تمام پاکستانی شہریوں کو تحفظ اور انصاف فراہم کرنا حکومت، پارلیمنٹ، عدلیہ اور سرکاری اداروں کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہونی چاہئے۔