انتخابات میں کسی سے اتحاد کر کے حصہ نہیں لیں گے ٗ ہمارا اتحاد کسی سے بنا تو انتخابات کے بعد بنے گا‘ مصطفی کمال

 
0
306

لاہور دسمبر 30(ٹی این ایس) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ انتخابات میں کسی سے اتحاد کر کے حصہ نہیں لیں گے، ہمارا اتحاد کسی سے بنا تو انتخابات کے بعد بنے گا،ملک سے جتنا مذاق ہونا تھا ہوگیا خمیازہ ابھی بھی بھگت رہے ہیں،این آراوکی طرح مذاق ہوتا رہا توپاکستان کا اللہ ہی حافظ ہے،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم پرخاموش رہ کر خود کو ظالم نہیں کہلوانا چاہتے،نجفی رپورٹ میں جن کو ذمہ دارقراردیا گیا انہیں گرفتارکیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئرمین افتخار رندھاوا، نیشنل کونسل کے رکن مبین قاضی، پاکستان آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن کرامت شیخ اور لاہور کے صدر بیرسٹر مختار احمد اورسید افضال نقوی سمیت دیگر نے انکا استقبال کیا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے چودہ شہدا کے لواحقین کو انصاف دلانے کے لیے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ہیں،پی ایس پی ظالموں کے خلاف کھڑی ہے،شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ظلم پر خاموش رہنے والا بھی ظالم ہے اس لیے ذمہ داران کیخلاف قانون فوری حرکت میں آنا چاہئے۔ انہوں نے کا کہ باقر نجفی کی رپورٹ نے سب کھول دیا، جن پر ظلم ہوا ان سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے ہیں۔ آگے کیا کرنا ہے اس کا اے پی سی میں طے کرینگے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی پاکستان کا دل ہے، کراچی چلے گا تو پاکستان چلے گا، کراچی پربرسوں سے را کا ایجنٹ قابض تھا، را کے ایجنٹوں کے خلاف نکلے ہیں،را کے ایجنٹ ایم پی ایزاورایم این ایزکی صورت میں شہر کو نقصان پہنچا رہے تھے۔ اب وہاں سے را کے ایجنٹوں کا خاتمہ ہوا ہے۔کراچی میں نیا سورج طلوع ہوا ہے، ڈولفن ہماراانتخابی نشان ہے اسی کے تحت الیکشن لڑیں گے، انتخابات میں کسی سے اتحاد کر کے حصہ نہیں لیں گے، ہمارا اتحاد کسی سے بنا تو انتخابات کے بعد بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے جتنا مذاق ہونا تھا ہوگیا خمیازہ ابھی بھی بھگت رہے ہیں،این آراوکی طرح مذاق ہوتا رہا توپاکستان کا اللہ ہی حافظ ہے۔