اسلام آباد جنوری 2 (ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عدالت نے گرفتاری کاحکم دیا توگرفتاری دے دوں گا،ٹرمپ کو بریف کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں، امریکی صدرمیں عقل کی کمزوری ہے، اس کو ا فغان جنگ کی سمجھ ہی نہیں ، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا بہت نقصان ہوا۔
احتساب عدالت کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئیٹرمپ کے بیان کے حوالے سے کہا کہ ٹرمپ کوپاکستان کے دشمنوں نے بریف کیا ہے، ٹرمپ کو بریف کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں، ٹرمپ کو ماضی کے حقائق کے بارے میں معلوم ہی نہیں ، لگتا ہے ٹرمپ کوافغان جنگ کی سمجھ ہی نہیں ہے، امریکی صدرمیں عقل کی کمزوری ہے، وہ ہمارے دشمن کے ایجنڈے پرچل رہا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کسی اور کی جنگ جب پیسے لے کر لڑیں گے تو ذلت اور تباہی ہے، امریکا کی جنگ میں ملک میں تباہی بھی ہوئی اور جانوں کا بھی نقصان ہوا، نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے جنگ میں ہمیں حکمران لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا بہت نقصان ہوا۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں انہیں اقامے پر نکالا، اقامہ ہی تو منی لانڈرنگ کا طریقہ تھا۔ونوں بھائی سعودی عرب اپنی چوری بچانے اور این آر او لینے کے لیے گئے ہیں تاہم یہ جہاں مرضی چلے جائیں قوم این آر او قبول نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اربوں کی چوری کو بچانے کے لیے باہر کی قوت کو کہہ رہے ہیں ہمیں بچالو، یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی قوم بھیڑ بکریاں ہیں جو خاموشی سے یہ سب تسلیم کرلے گی، اگر این آر او کی خوشبو بھی آئی تو قوم باہر نکلے گی اور شاہد خاقان عباسی کی حکومت برداشت نہیں کرسکے گی۔چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں چوروں کو بچانے کے سوا کچھ کام نہیں کررہی، اس لیے قبل از وقت انتخابات ضروری ہے تاکہ نیا مینڈیٹ آئے اور کام کرے۔