عمران خان شاہ رخ خان بننے کی ناکام کوشش کررہے ہیں,وزیر اطلاعات مریم اور نگزیب

 
0
750

اسلام آباد ،جنوری03(ٹی این ایس): وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان شاہ رخ خان بننے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ،ْ محمد نوازشریف کی جلاوطنی کی باتیں وہ کر رہے ہیں جو 2018 کے انتخابات سے خوفزدہ ہیں ،ْاین آر او کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اور نہ کوئی این آر او لیں گے ،ْجب منتخب وزیراعظم کو گاڈ فادر اور منتخب حکومت کو سسلین مافیا کہا جائے گا تو تنقید تو ہوگی ،ْپاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کو تسلیم کیا جانا چاہیے ۔

گزشتہ روز اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان کی پی ٹی وی حملہ سمیت چاروں مقدمات میں ضمانت منظور کی تھی جس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی ٹوئٹ میں شاہ رخ خان کی فلم ’مائی نیم از خان‘ کا ڈائیلاگ دٴْہرا کہ ’مائی نیم از خان اینڈ آئی ایم ناٹ ٹیرراسٹ۔بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان ناکام سیاستدان ہیں ،ْوہ اب شاہ رخ خان بننے کی ناکام کوشش کررہے ہیں جبکہ وہ اپنی ٹوئٹ میں جعلی خان لکھنا بھول گئے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ نوازشریف عدالت میں پیش ہو رہے ہیں ،ْ پاکستان کی عوام نے عمران صاحب کو وزیراعظم نہیں بنانا۔ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد جس ملک نے بھی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مدد مانگی ہے ،ْ پاکستان نے بین الاقوامی دنیا کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں دہشتگردی کے واقعات لگ بھگ 2600 تھے، ان کی تعداد میں آج واضح کمی آئی ہے، اس طرح ہماری سیاسی قیادت ، مسلح افواج، پولیس، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کیخلاف جو جنگ لڑی، وہ بے مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کے حوالے سے حالیہ بیان قابل تعریف ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعا ت میں جو نمایاں کمی ہے، وہ پوری قوم کے دہشتگردی کیخلاف غیر متزلزل عزم ، حوصلہ اور اتحاد کے باعث ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے محمد نواز شریف اور شہباز شریف کے سعودی عرب دورے کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو مسترد کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف کی جلاوطنی کی باتیں وہ کر رہے ہیں جو 2018 کے انتخابات سے خوفزدہ ہیں جس شخص نے ملک سے اندھیرے ختم کئے ہوں، موٹرویز بنائی ہوں، انفراسٹرکچر کی تعمیر کی ہو، سی پیک کا عظیم منصوبہ دیا ہو، اسے ڈیل کی کوئی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم این آر او کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اور نہ کوئی این آر او لیں گے، محمد نواز شریف مسلم لیگ ن کے صدر ہیں اور آئندہ انتخابات میں انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف کے وزیراعظم کا اعلان قیادت نے میرٹ پر کیا، محمد شہباز شریف نے پاکستان کی عوام کو پرفارم کر کے دکھایا، چاہے وہ صحت یا تعلیم کا شعبہ ہو، یا انفراسٹرکچر یا توانائی کے منصوبے ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک منتخب وزیراعظم کو اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ وصول کرنے اور صرف ایک اقامہ پرگھر بھیج دیا۔ دوسری جانب ایک شخص جو آف شور کمپنی تسلیم کرتا ہے اور کئی موقف بدلتا ہے تاہم فیصلہ اس کیخلاف نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ جب منتخب وزیراعظم کو گاڈ فادر اور منتخب حکومت کو سسلین مافیا کہا جائے گا تو تنقید تو ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جمائما کے خط کو سچ مان لیا جبکہ سابق قطری شہزادے کا خط تسلیم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹیشنر مقدمہ لے کر آیا تھا منی لانڈرنگ اور پیسہ لوٹنے کا، جبکہ فیصلہ صرف اقامہ پر ہوا۔ عمران خان کو دہشتگرد قرار دینے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اور پارلیمان پر حملہ ایک دہشتگرد ہی کراسکتا ہے اور وہ آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہی پیش ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2018 میں کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں جائیں گے جبکہ مخالفین کے پاس ایسا کچھ نہیں ہے جس کو لے کر وہ عوام کی عدالت میں پیش ہوں۔