الیکشن کمیشن نے وفاق اور صوبوں سے انتخابی حلقہ بندیوں،نظرثانی شدہ ووٹر لسٹوں بارے معاونت طلب کرلی

 
0
365

اسلام آباد جنوری 4(ٹی این ایس)الیکشن کمیشن نے وفاق اور صوبوں سے انتخابی حلقہ بندیوں اور نظرثانی شدہ ووٹر لسٹوں کے حوالہ سے معاونت طلب کی ہے۔ جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے صوبائی چیف سیکرٹریوں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اور سیکرٹری وزارت شماریات کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ چھٹی مردم شماری 2017ء کے بعد انتخابی حلقہ بندیوں،ووٹر لسٹوں کے حوالہ سے وفاق اور صوبے الیکشن کمیشن کی معاونت کریں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق خط میں 24ویں آئینی ترمیم 2017ء کے آرٹیکل 51 کی شق 3 اور 5 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مردم شماری کے نتائج کے بعد تمام صوبوں، قبائلی علاقوں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی نشستوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابی فہرستوں اور حلقہ بندیوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر نظرثانی کرے تاکہ آئندہ عام انتخابات سے پہلے الیکشن کمیشن اپنی یہ ذمہ داری پوری کر سکے، اس لئے آئین کے آرٹیکل 220 کے مطابق وفاق اور صوبے اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں۔ اس حوالہ سے الیکشن کمیشن 22 دسمبر 2017ء کو تمام چیف سیکرٹریوں اور وفاق کو پہلے بھی آگاہ کر چکا ہے۔