15سالوں میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 120بلین ڈالرزخرچ کیے،پاکستان

 
0
391

اسلام آبادجنوری 5(ٹی این ایس): پاکستان نے کہا دنیا پر واضح کیا ہے کہ 15سالوں میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 120بلین ڈالرز خرچ کیے،پاکستانی اقدامات سےالقاعدہ سمیت دیگردہشتگرد گروپوں کا خاتمہ ممکن ہوا،افغانستان میں داعش کی موجودگی خطے کے امن کیلیےخطرہ ہے،افغانستان میں امن افغان حکومت کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں،پاکستان نے پاک افغان سرحد پر بہترین بارڈر مینیجمنٹ کا نظام متعارف کرایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹ اورامریکی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کا نام واچ لسٹ ڈالنے پراپنے ردعمل میں کہا کہ سیکیورٹی معاملات پر امریکی انتظامیہ کیساتھ رابطے میں ہیں۔ سیکیورٹی معاملات پر امریکی انتظامیہ کے جواب اور تفصیلات کا انتظار ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑی ہے۔

15سالوں میں پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 120بلین ڈالرز خرچ کیے۔ ہم اپنے شہریوں،خطے کے امن کیلیےدہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف پاک امریکی اتحاد درحقیقت امریکی قومی سلامتی کے مقاصد پورے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا انسداد دہشتگردی تعاون کا فائدہ سب سے زیادہ امریکا اور عالمی برادری کو ہوا۔

پاکستان کے اقدامات سےالقاعدہ سمیت دیگر دہشتگرد گروپوں کا خاتمہ ممکن ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ القاعدہ اور دیگر دہشتگرد تنظیمیں دونوں ملکوں کیلئے مشترکہ خطرہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن افغان حکومت کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔پاکستان نے پاک افغان سرحد پر بہترین بارڈر مینیجمنٹ کا نظام متعارف کرایا۔ افغانستان میں داعش کی موجودگی خطے کے امن کیلیےخطرہ ہے۔