سٹیٹ بینک آف پاکستان کو مسلسل دوسرے سال بھی اسلامی بینکاری کے فروغ کے حوالے سے بہترین بینک قرار دیا گیا

 
0
714

اسلام آباد جنوری 11 (ٹی این ایس) ملائیشیا کی انٹرنیشنل فنانس نیوز (آئی ایف این) کے سروے نتائج کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان کو مسلسل دوسرے سال بھی اسلامی بینکاری کے فروغ کے حوالے سے بہترین بینک قرار دیا گیا ہے۔ سروے رپورٹ کے مطابق سال 2016ء کیلئے برطانیہ کی ایڈبز کنسلٹنگ لمیٹڈ کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو شعبہ کی ترقی کے حوالے سے مرکزی بینک کی کاوشوں کا اعتراف ہے۔رپورٹ کے مطابق 2002ء میں اسلامی بینکاری کے آغاز سے لے کر سال2017ء کے خاتمہ تک اسلامی بینکاری کا عام روایتی بینیکاری میں حصہ 11.9 فیصد جبکہ اثاثہ جات کی مالیت 12.7فیصد تک بڑھ چکی ہے۔ اس وقت پاکستان میں اسلامی بینکنگ کی خدمات فراہم کرنے والی بینک برانچز کی تعداد 2 ہزار 368 تک پہنچ گئی ہے جبکہ شعبہ کے صارفین اور بینک برانچز میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔