اسلام آباد ۔ 11 جنوری(ٹی این ایس)وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان سے یہاں پاکستان میں جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے ملاقات کی۔ انہوں نے وزارت کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر رانا محمد افضل کو مبارکباد پیش کی ۔ جاپانی سفیر نے پاکستان کی جانب سے انتہا پسندی کے خاتمے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے کی جانیوالی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ جاپان کی حکومت برآمدات کے فروغ، ایئرپورٹس کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لئے سکیورٹی آلات کی فراہمی اور آٹو موبائل کی متنوع شعبوں میں حکومت پاکستان کی مدد کا منصوبہ رکھتی ہے۔ رانا محمد افضل نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گا۔انہوں نے پریفرنشل ٹریڈ ایگریمنٹس کے ذریعے جاپان میں اپنی ٹیکسٹائل کے فروغ میں تعاون پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے جاپانی سفیر کو بتایاکہ پاکستان جاپانی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیش کش کرتا ہے وہ سیاحت، پروسیسنگ اور سی فوڈ کی پیکنگ، ہلال فوڈ اور اس کی برآمد میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔جاپان ان شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے اور وہ اپنی ٹیکنالوجی لا سکتا ہے۔ جاپانی سفیر نے وزیر مملکت سے کہا کہ وہ قزاخستان میں ہونے والی ایکسپو 2025 ء میں شرکت کریں۔ انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ حکومتی کاروباری ڈائیلاگ کا عمل شروع کیاجائے۔ وزیر خزانہ نے جاپانی سفیر کو پاکستان کی جانب سے اس ضمن میں ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔ملاقات میں وزارت خزانہ اور اقتصادی امور ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔