اسلام آباد،جنوری 16 (ٹی این ایس):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے کو مورد الزام اور شادی کرکے چھپانے والے کو صادق اور امین قرار دیا جارہا ہے ۔
منگل کو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید کی طرف سے اٹھائے گئے بعض سوالات اور نکات کے جواب میں نکتہ اعتراض پر مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کہا کہ آج پاکستان کی مخالف قوتیں اکٹھی ہیں، ایسے میں الزام تراشی درست بات نہیں ہے۔ ہم تاریخ سے سیکھنے کی بجائے اس کا مذاق اڑاتے ہیں۔ مشرقی پاکستان الگ ہونے کے بعد باقی ماندہ پاکستان میں بننے والی حکومتوں میں سے بلوچستان میں عوامی نیشنل پارٹی پر سپریم کورٹ میں پابندی لگوائی گئی جس کی سزا ہم آج تک بھگت رہے ہیں۔ ملک کی مقبول لیڈر شپ کو نااہل قرار دینا‘ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے‘ سی پیک منصوبہ دینے والے کو موردالزام ٹھرایا جارہا ہے۔ سابق وزیراعظم کی بیٹی جو کسی عہدے پر نہیں ہے اس کو سزا دی جاتی ہے اور جس کے پاس ایم این اے شپ ہے اس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اس کے پاس کوئی عہدہ نہیں۔ آج اتحاد کی ضرورت ہے‘ انتشار کی ضرورت نہیں۔ 17 جنوری کو جمہوریت کو نہ ماننے کے دائیں بائیں وہ کھڑے ہوں گے جو چور دروازے سے اقتدار لینا چاہتے ہیں۔