پاکستان اور ترکمانستان کا زراعت،ٹیکسٹائل،لائیو سٹاک اور آئی ٹی سیکٹر کو مشترکہ کاوشوں سے فروغ دینے پر اتفاق

 
0
327

اسلام آباد ،جنوری 16 (ٹی این ایس):پاکستان اور ترکمانستان نے زراعت،ٹیکسٹائل،لائیو سٹاک اور آئی ٹی سیکٹر میں جوائنٹ ونچر کے ذریعے اقتصادی تعلقات میں مزید اضافے پر اتفاق کیا ہے۔ منگل کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد مریدوف نے 15-16جنوری کو اسلام آباد کا دورہ کیا۔وزیر توانائی،وزیر مملکت اور چیئر مین ترکمن گیس،چیئر مین اور سی ای او تاپی پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ پر مشتمل ایک اعلی سطح کا وفد بھی انکے ہمراہ تھا۔

ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد مریدوف نے پاک ترکمن دو طرفہ سیاسی مشاورت کے افتتاحی سیشن میں اپنے ملکی وفد جبکہ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ترجمان کے مطابق دونوں فریقوں نے اقتصادی تعلقات میں اضافے اور تجارت،نقل و حمل،سیاحت اور عوام کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کی غرض سے فضائی و زمینی رابطوں کیلئے اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا۔وزراء نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد از جلد عملدرآمد کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے دو روزہ قیام کے دوران صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔انہوں نے صدر مملکت اور وزیر اعظم کو ترکمانستان کی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔ انہوں نے ترکمانستان کے صدر کی جانب سے صدر مملکت ممنون حسین کو رواں سال ترکمانستان کا دورہ کرنے کا دعوت نامہ بھی انکے حوالے کیا۔