ایوان صدر میں کسی تقریب یا کابینہ کے اجلاس کے سبب قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل نہیں کیا جائے گا ،مرتضیٰ جاوید عباسی 

 
0
343

بلوچستان میں مختلف شاہراہوں کی تعمیر کے حوالے سے پیشرفت کی رپورٹ چند روز میں پیش کر دی جائیگی ٗ وزارت مواصلاعات کا قومی اسمبلی میں بیان
اسلام آباد ،جنوری 16 (ٹی این ایس):قومی اسمبلی کے قائم مقام سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ایوان صدر میں کسی تقریب یا کابینہ کے اجلاس کی وجہ سے قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی رکن کا پرائیویٹ ممبر بل ملتوی ہوگا۔

منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر سید نوید قمر نے کہا کہ جس وقت کابینہ کا اجلاس ہو قومی اسمبلی کا اجلاس اس وقت نہ رکھا جائے اور ایوان صدر میں منعقد ہونے والی تقریب کی وجہ سے قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل نہ کیا جائے۔ حکومت کے ساتھ کوآرڈینیشن ہونی چاہیے۔ پرائیویٹ ممبر ڈے ہے‘ وزراء کی عدم موجودگی کی وجہ سے ہمارے بل ملتوی ہو جاتے ہیں۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ آئندہ اس کا حل نکالیں گے‘ کوئی بل ملتوی نہیں ہوگا۔ اجلاس کے دور ان وزارت مواصلات کی طرف سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ وزیراعظم نے بلوچستان میں مختلف شاہراہوں کی تعمیر کے حوالے سے پیشرفت کی رپورٹ این ایچ اے سے طلب کی تھی جو آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم کو پیش کردی جائے گی ۔ توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت جنید انوار چوہدری نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم نے مولانا امیر زمان کے خط پر این ایچ اے سے رپورٹ طلب کی تھی۔ رپورٹ آنے پر وزیراعظم کو پیش کردی جائے گی۔

توجہ مبذول نوٹس پر نعیمہ کشور خان‘ عثمان خان بادینی‘ آسیہ ناصر کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے مواصلات جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ سڑکیں کوئی بڑی شاہراہیں نہیں ہیں بلکہ مختلف دیہاتوں کو ملانے والی سڑکیں ہیں۔ ایک گاؤں بختیار خان گوٹھ کا بھی پتہ ہی نہیں چل رہا۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ جونہی رپورٹ ملی وزیراعظم فنڈز جاری کردیں گے۔ بلوچستان کا کوئی منصوبہ غیر اہم نہیں ہے ٗ یہ درخواست اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو نہیں بلکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دی گئی تھی ٗشاہدہ اختر علی کے سوال کے جواب میں جنید انوار چوہدری نے کہا کہ 19 جنوری کو چیئرمین این ایچ اے واپس آجائیں گے جس کے فوراً بعد وزیراعظم کو رپورٹ پیش کردی جائے گی اور خستہ حال شاہراہوں کی مرمت کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔