اسمبلی ہال چوک میں عوامی تحریک کے جلسے کی تیاریاں مکمل ‘آصف زرداری پہلے جبکہ عمران خان دوسرے سیشن میں خطاب کریں گے

 
0
306

 لاہور ،جنوری17(ٹی این ایس): صوبائی دارالحکومت لاہور کی مرکزی شاہراہ مال روڈ پر پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے خلاف جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں- تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری کے سٹیج پر نہ بیٹھنے کے اعلان کے بعد طے کیا گیا ہے کہ پہلے سیشن میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور دوسرے سیشن میں تحریک انصاف کے سربراہ خطاب کریں گے ، آصف زرداری کا خطاب دوپہر میں جبکہ عمران خان کا مغرب کے قریب متوقع ہے۔

آصف زرداری کے سیشن میں تحریک انصاف کی مقامی قیادت کے خطاب ہوں گے،عمران خان کے سیشن میں پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت کے خطاب ہوں گے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق لاہورمیں متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے پیش نظر پنجاب حکومت نے دھرنے کے دوران رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رینجرز کو پنجاب اسمبلی، گورنر ہاﺅس اورحساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

لاہورمیں احتجاج اورجلسے کے پیش نظر پنجاب یونیورسٹی اولڈ کیمپس، جی سی یونیورسٹی اور چھ اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیئرنگ کراس پراسٹیج تیار، کنٹینر پہنچ گیا اور کر سیا ں لگ گئیں۔ مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، شاہراہ فاطمہ جناح ، کچہری روڈ، ہال روڈ، کوپر روڈ ، ایجرٹن روڈ، مزنگ روڈ اور ڈیوس روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر ٹریفک شدید دباﺅ ہے جس سے شہری اور تاجر پریشان ہیں۔

جی پی او چوک پہلے ہی اورنج لائن کے انڈرپاس کی وجہ سے کئی دنوں سے بند ہے-دوسری جانب عوامی تحریک سمیت اپوزیشن جماعتوں کے جلسے کی وجہ سے محکمہ صحت نے ہسپتالوں کے سربراہوں کے نام مراسلہ جاری کر دیا۔ جس میں محکمہ صحت نے ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ڈاکٹرز، نرسز اور عملے کی موجودگی کے ساتھ ادویات، طبی سامان کا وافر سٹاک اور آپریشن تھیٹرز کو مکمل فعال رکھنے کی ہدایت کر دی۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی خدشات کے پیش نظر سابق وزیراعظم نوازشریف کی رہائش گاہ جاتی عمرہ اور ماڈل ٹاﺅن میں بھی رینجرزسمیت اضافی سیکورٹی تعینات کردی گئی ہے-