افغان حکومت بلخ کے گورنرسے بات چیت کرکے پرامن تبدیلی لائے،امریکہ 

 
0
304

واشنگٹن جنوری 17(ٹی این ایس)امریکہ نے افغانستان کے ساتھ دیرپہ بندھن اور قریبی اتحاد کے تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ افغان حکومت بلخ کے گورنر عطا کے ساتھ بات چیت کرے، تاکہ مذاکرات کے ذریعے قیادت کی پْرامن تبدیلی عمل میں آ سکے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیاکہ امریکی نائب صدر مائیک پینس نے ٹیلی فون پر افغان صدر اشرف غنی سے گفتگو کی جس دوران نائب صدر نے ضروری اصلاحات، سیاسی شمولیت اور آئندہ انتخابات کے لیے تیاری کے حوالے سے جاری اہم پیش رفت پر بات کی۔وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ بات چیت میں اْس مکالمے کے سلسلے کو جاری رکھا گیا جو نائب صدر نے گذشتہ ماہ کابل میں اشرف غنی اور افغان چیف اگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے کی تھی۔بیان کے مطابق، مائیک پینس اور صدر غنی نے صوبہ بلخ میں سیاسی قیادت سے متعلق گفتگو کی۔امریکی نائب صدر نے اِس ضرورت پر زور دیا کہ افغان حکومت بلخ کے گورنر عطا کے ساتھ بات چیت کرے، تاکہ مذاکرات کے ذریعے قیادت کی پْرامن تبدیلی عمل میں آ سکے۔مائیک پینس نے افغانستان کی سکیورٹی کی صورت حال اور صدر ٹرمپ کی جنوبی ایشیا سے متعلق حکمتِ عملی پر بھی گفتگو کی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ نائب صدر اور اشرف غنی نے امریکہ، اتحاد اور افغان فوجیوں کی جانب سے سرکشی اور بین الاقوامی دہشت گردوں سے نبردآزما ہونے کے سلسلے میں دکھائی گئی بہادری اور قربانیوں کو سراہا، جن میں داعش اور القاعدہ سے نمٹنا شامل ہیں۔نائب صدر پینس اور صدر غنی نے امریکہ اور افغانستان کے مابین دیرپہ بندھن اور قریبی اتحاد کے تعلقات کا اعادہ کیا۔