پی ٹی وی حملہ کیس ٗ تحریک انصاف کی شیریں مزاری ٗعارف علوی اور اسد عمر کی عبوری ضمانت منظور

 
0
443

اسلام آبادجنوری 17(ٹی این ایس) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی وی حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی ٗشیریں مزاری اور اسد عمر کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری کی درخواستیں منظور کرلیں۔ بدھ کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت کی اور اس سلسلے میں تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی، شیریں مزاری اور اسد عمر ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے عدالت میں پیش ہوئے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تینوں ملزمان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو تینوں ملزمان کی گرفتاری سے روک دیا۔عدالت نے ضمانت کے عوض اسد عمر، شیریں مزاری اور عارف علوی کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ تینوں کو 23 جنوری کو دوبارہ پیش ہونے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ انہی مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوچکے ہیں اور عدالت نے 2 جنوری کے روز چاروں مقدمات میں ان کی ضمانت منظور کی تھی۔