پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد فرنیچر سیکٹر میں نئی منڈیوں کی تلاش، بزنس رابطوں میں اضافے کیلئے دورے کے تیسرے مرحلے پر سپین پہنچ گیا

 
0
431

لاہور جنوری 17 (ٹی این ایس) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کا اعلی سطحی وفد فرنیچر سیکٹر میں نئی منڈیوں کی تلاش، بزنس رابطوں میں اضافے اور اپنے ہم منصبوں کے ساتھ موجودہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے دورے کے تیسرے مرحلے پر بدھ کو سپین پہنچ گیا۔ یہاں پی ایف سی طرف سے جاری بیان کے مطابق کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق نے کہا کہ سپین میں فرنیچر کے شعبے میں بڑی گنجائش اور صلاحیت ہے اور پی ایف سی سپین کے ساتھ دو طرفہ تجارتی حجم کو بہتر بنانے اور فرنیچر مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے پر توجہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم 2 بلین ڈالر سے زائد ہے جو دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر فرنیچر ہاتھ سے تیار ہونے کے بارجود انتہائی سستا ہے اور یورپی یونین کے ممالک میں اس کی اچھی قیمت پر مارکیٹنگ کی جا سکتی ہے، اس سلسلے میں ہسپانوی کمپنیاں مارکیٹ تک براہ راست رسائی کے لئے پاکستانی مینوفیکچررز کو سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپین یورپ میں ایک اسٹریٹجک مقام پر واقع ہے اور پاکستان کو یورپی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل کرنے کے لئے اس کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دینا چاہئے۔ پاکستان اور اسپین کے نجی شعبوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لئے فرنیچر سیکٹر میں باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں کے بارے میں آگاہی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے برآمدات کو متنوع بنانے پر توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپین یورپی یونین میں پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا اور دنیا میں 7 واں بڑا تجارتی پارٹنر ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے مزید گنجائش موجود ہے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے اور پی سی ایف کا وفد اپنے دورے کے دوران سی پیک اور پاکستان کی معیشت کے دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے امکانات کے بارے میں ہسپانوی سرمایہ کاروں کو آگاہی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی ایف مزید ممالک میں پاکستان کی موجودگی کو فروغ دینے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں انٹری کے لئے پاکستانی فرنیچر ڈیزائنرز اور مینوفیکچررز کے لئے فوکل پوائنٹ کے طور پر اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپین میں پاکستانی سفارت خانے کو بھی ہسپانوی مارکیٹ میں پاکستان کی مصنوعات کے فروغ میں تعاون کرنا چاہیے اور اس حوالے سے معلومات کو مقامی چیمبرز کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے تاکہ بزنس کمیونٹی سپین کے ساتھ کاروباری مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی مشن کاروباری برادری کو حقیقی کنیکٹویٹی قائم کرنے میں سہولت فراہمکریں تو پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری یورپی یونین کے ساتھ صرف برآمدات بڑھانے کیلئے نہیں بلکہ مضبوط شراکت داری کیلئے کوششیں کر رہی ہے جس سے برطانیہ، جرمنی، اسپین، آسٹریا، پرتگال، فرانس، اٹلی اور دیگر بڑے شراکت داروں کے ساتھ تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ کیلی گرافی والے پاکستانی فرنیچر کی مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں بہت زیادہ مانگ ہے لہذا پاکستانی دستکاروں کو اس مخصوص شعبے میں کام کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے فروغ سے بہت زیادہ غیر ملکی زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔