امریکی حکومت کا شٹ ڈاؤن، عارضی اخراجات بل پر ووٹنگ آج دوبارہ ہوگی

 
0
311

واشنگٹن،جنوری 21(ٹی این ایس):امریکہ میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹ قانون ساز سرکاری اخراجات کے بل پر اتفاق نہ ہونے کا الزام ایک دوسرے پر عائد کر رہے ہیں اور یہ سیاسی تعطل بھی جوں کا توں رہا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سینیٹ میں اکثریتی رہنما مچ مکونل نے کہا کہ انھوں نے حکومت کو آٹھ فروری تک اپنے امور کی ادائیگی کے لیے اخراجات کے نئے بل پر رائے شماری کے لیے پیر ایک بجے علی الصبح کا وقت رکھا ہے۔قانون سازوں کے درمیان دفاعی اخراجات اور امیگریشن کے معاملات بشمول وہ قانون سازی جس کے ذریعے ان تقریباً آٹھ لاکھ غیرقانونی تارکین وطن نوجوانوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے جو بچپن میں امریکہ آئے تھے، اختلافات پائے جاتے ہیں۔ریپبلکن سینیٹر لنڈسی گراہم نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ ایک بہت برا لگ رہا ہے لیکن بہت سے سینیٹرز خیرسگالی کے ساتھ اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ادھر وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ ہکابی سینڈرز نے ایک بیان میں کہا کہ صدر اس وقت تک امیگریشن اصلاحات پر مذاکرات نہیں کریں گے جب کہ ڈیموکریٹس یہ کھیل بند نہیں کرتے اور حکومت کو دوبارہ نہیں کھولتے۔اسی اثنا میں وفاقی اداروں نے اپنے ہاں غیر اہم ملازمتوں پر مامور لوگوں کو رخصت پر بھیجنا شروع کر دیا ہے۔