لاہور جنوری 24(ٹی این ایس) لاہور ہائیکورٹ نے حج پالیسی میں 70فیصد سے زائدسرکاری کوٹہ مختص کرنے کیلئے بیلٹنگ روکنے کی متفرق درخواستوں پر وفاقی حکومت اور وزارت مذہبی امور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے ٹریول چینل پرائیویٹ لمیٹڈ سمیت دیگر کی متفرق درخواستوں پر سماعت کی ۔ درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ حج پالیسی میں پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کا کم کوٹہ مختص کرنے کے خلاف کیس ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، کیس عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود حکومت 70فیصد سرکاری کوٹے کیلئے بیلٹنگ کروانے جا رہی ہے، اگر 70فیصد سے زائدسرکاری کوٹہ مختص کرنے کیلئے بیلٹنگ مکمل ہوئی تو بعد میں شہریوں کی حق تلفی ہو گی،موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے اگلی حکومت کو حج
کروانے میں مشکلات ہوں گی ۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ 26جنوری کو حج پالیسی 2018ء کے تحت سرکاری کوٹہ پچاس فیصد سے زیادہ کرنے کیلئے بیلٹنگ روکی جائے۔ جس پر فاضل عدالت نے حج پالیسی میں 70فیصد سے زائدسرکاری کوٹہ مختص کرنے کیلئے بیلٹنگ روکنے کی متفرق درخواستوں پر وفاقی حکومت اور وزارت مذہبی امور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج ( جمعرات ) جواب طلب کر لیا ۔