کرپشن الزام میں لبنان سے گرفتارسابق عراقی وزیرتجارت بغدادحکومت کے حوالے

 
0
337

بغداد جنوری 26(ٹی این ایس)عراق میں حکام نے اعلان کیا ہے کہ سابق وزیر تجارت عبدالفلاح السودانی کو انٹرپول نے عراق کے حوالے کر دیا ہے۔ مالی بدعنوانی کے مقدمات میں قصور وار ٹھہرائے گئے وزیر کو گزشتہ برس ستمبر میں بیروت سے گرفتار کیا گیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی حکومت کے ایک قریبی ذریعے نے بتایاکہ السودانی وزیر کی سطح کے پہلے عہدے دار ہیں جن کو ایک عراقی افسر اور انٹرپول کی ٹیم کے پہرے میں لایا گیا۔ڈیووس میں عراقی وزیراعظم حیدر العبادی اور انٹرپول کے سربراہ کے درمیان ملاقات کے بعد فریقین کے درمیان تعاون کا ایک نیا باب سامنے آیا ہے۔یاد رہے کہ السودانی کو لبنانی حکام نے انٹرپول کی جانب سے جاری وارنٹ کی بنیاد پر بیروت کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا تھا۔عراقی عدالتوں نے 2012 میں السودانی کی غیر حاضری میں انہیں انتظامی اور مالی بدعنوانی کے الزامات میں 7 سال جیل کی سزا سنائی تھی۔السودانی کا تعلق عراق کی اسلامک دعوہ پارٹی سے ہے۔ وہ 2005 میں عراقی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے۔ انہیں ابراہیم الجعفری کی حکومت میں وزیر تعلیم کے طور پر چْنا گیا۔ بعد ازاں 2005 کے اختتام پر انتخابات کے بعد السودانی کو وزیر تجارت کی ذمّے داری بھی سونپ دی گئی۔انہوں نے جنوری 2006 میں نوری المالکی کی نئی حکومت کی تشکیل کے موقع پر اپنا منصب سنبھالا۔ سال 2009 میں ملک سے باہر جانے کی کوشش کے دوران السودانی کو بغداد ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا جس کے بعد وہ مستعفی ہو گئے۔ البتہ وہ ضمانت پر رہا ہونے کے بعد ملک سے کوچ کر جانے میں کامیاب ہو گئے۔