نواز شریف کسی طریقے سے نظام تباہ کرنا چاہتے تھے ٗبلاول بھٹوزر داری 

 
0
360

ڈیووس جنوری 27(ٹی این ایس)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پاناما اسکینڈل سے بچنے کیلئے نظام کو مشکل میں ڈال رہے تھے اور کسی طریقے سے اسے تباہ کرنا چاہتے تھے۔جرمن نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور نواز شریف کے دوستانہ تعلقات سے سرکاری سطح پر تعلقات اچھے نہیں ہوئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرکاری سطح پر دوستانہ تعلقات ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں آزاد صحافت حملوں کی زد میں ہے ٗ پروپیگنڈا، گمراہ کن اور غلط اطلاعات سیاسی جنگ کا حصہ ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سوشل میڈیا نے جعلی خبروں کو نئی زندگی دی تاہم اس کے خلاف لڑائی کے نام پر سینسرشپ پاکستان کیلئے خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات جلد ہوں یا دیر سے، پیپلز پارٹی مکمل تیار ہے ٗپاکستان میں جمہوریت کیلئے ضروری ہے کہ پارلیمنٹ اپنی مقررہ مدت پوری کرے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ مودی یا ٹرمپ کیلئے نہیں پاکستان نے اپنے لیے لڑی۔بلاول بھٹو زرداری کے مطابق پاکستان میں چار سال تک وزیرخارجہ نہیں تھا اس لیے عالمی برادری تک نقطہ نظر پیش کرنا مشکل تھا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کا نفاذ نہیں ہورہا جبکہ انتہا پسند نظریات کے خاتمے کیلئے کچھ نہیں کیا جارہا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان میں صحافیوں پر ہونے والے مظالم افسوسناک ہیں ٗحملوں سے غلط پیغام جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں انتہاپسند نظریات کوختم کرنیکی ضرورت ہے ٗپاکستان کی تشویش کا حل سب کی ذمہ داری ہے ٗانتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف کھلی بحث ہونی چاہیے۔