کراچی جنوری 27(ٹی این ایس)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ بھی اپنے جونیئر افسر راؤ انوار کے ٹھکانے سے لاعلم نکلے اور گرفتاری پر بے بسی کا اظہار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے آئی جی سندھ کو معطل ایس ایس پی راؤ انوار کی تین روز میں گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ ہفتہ کو کراچی میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ راؤ انوار کو چاہیے وہ عدالتوں کا سامنا اور قانون کا احترام کریں، سپریم کورٹ سب کے حقوق کاتحفظ کرتی ہے، راؤ انوار کا بھی کرے گی۔آئی جی سندھ نے کہا کہ راؤانوار کے حق میں بہتر ہے وہ خود سرنڈر کردیں۔تین روز میں راؤ انوار کو گرفتار کرنے کے سوال پر اے ڈی خواجہ نے کہا کہ گرفتاری کی پوری کوشش کریں گے ٗسپریم کورٹ کا حکم ہے ٗ اگر مجھے پتا ہوتا کہ راؤانوار کہاں ہیں تو پہلے ہی پکڑ کر لے آتا۔













