راؤانوار پولیس کی وردی میں چھپا ہوا ایک قاتل ہے،نقیب اللہ کے ساتھ ظلم ہوا ،عمران خان

 
0
699

کراچی ،جنوری 28(ٹی این ایس):تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ راؤانوار پولیس کی وردی میں چھپا ہوا قاتل ہے،نقیب اللہ کے ساتھ ظلم ہوا،اس نظام کیخلاف ہماری جنگ ہے،راؤ انوارکی پشت پرکون ہے ان تک پہنچنا ضروری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آج کراچی میں سہراب گوٹھ میں محسود قبیلے کے جرگے میں شرکت کرکےنقیب اللہ محسود کیلئے دعائےمغفرت کی۔

انہوں نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پہلے بھی پتا چلا ہے کہ اس علاقے میں پولیس پختونوں کیساتھ ظلم کررہی ہے۔آج ایک بےقصورنوجوان نقیب اللہ کوپولیس نےقتل کردیاہے۔ انہوں نے کہا کہ راؤ انوارنے ملیر میں 440 لوگوں کومقابلوں میں قتل کیا اور یہ پولیس کی وردی میں ایک قاتل ہے جس کے پیچھے وہ سیاستدان ہیں جو اس سے ظلم کرواتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ راؤ انوار جیسے قاتلوں کو سخت سزا دینی چاہیے۔

اسی طرح راؤ انوار کی پشت پر کون ہے؟ اس تک پہنچنا بھی ضروری ہے۔ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی نے کراچی میں مقتول نوجوان انتظار حیسن کے گھر جاکر ان کے والد سے ملاقات کی۔عمران خان نے انتظار کے والد سے اظہار ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پرانہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے واضح ہے کہ انتظار کا قتل کیا گیا ہے۔پنجاب و سندھ کی پولیس پر شہریوں کا کوئی اعتبار نہیں ہے۔جبکہ خیبر پختونخوا کے لوگ محکمہ پولیس پراعتبار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرادن میں مقتولہ 4 سالہ بچی عاصمہ کے والد نے کہا کہ انہیں پولیس کی تفتیش پراعتماد ہے جبکہ زینب کے والدین نے کہا کہ آرمی چیف اورچیف جسٹس معاملے کا نوٹس لیں۔