فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی ،پرویزخٹک

 
0
753

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی سینئر سٹیزن ایکٹ مجریہ 2014 پر ٹائم لائن کے مطابق عملدرآمد ،روشنی میں بزرگ شہریوں کیلئے مراعات پر مبنی خصوصی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت
پشاور ،جنوری  30 (ٹی این ایس):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے سینئر سٹیزن ایکٹ مجریہ 2014 پر ٹائم لائن کے مطابق عمل درآمد اور اس کی روشنی میں صوبے کے بزرگ شہریوں کیلئے مراعات پر مبنی خصوصی پیکج تیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے معذور افراد کو صحت انصاف کار ڈ کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے ۔

وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں سینئر سٹیزن ایکٹ پر عمل درآمد اور محکمہ سماجی بہبود کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ سماجی بہبود سمیت تمام سرکاری محکموں کو اپنی کارکردگی مسلسل بہتر بنانے کی ہدایت کی اُنہوں نے متنبہ کیا کہ بہتر کارکردگی اور اہداف کے حصول میں ناکام ہونے والے اہلکاروں کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے گی کیونکہ صوبائی حکومت فرائض کی بطریق احسن انجام دہی میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کرے گی ۔انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن اور ویلفیئر کمیشن کے سربراہ کی تقرری کا عمل ایک ہفتے کے اندرمکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

پرویز خٹک نے سینئر سٹیزن ایکٹ میں متعین طریقہ کار کے مطابق بزرگ شہریوں کیلئے جامع پیکج کی تیاری پر زور دیا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ معذور ، نادار اور بے آسرا افراد کیلئے صحت انصاف کارڈ کی تیاری اور پرنٹنگ کا کام ممکنہ حد تک جلد ازجلد مکمل کرنے کی تاکید کی ۔انہوں نے کہاکہ یہ بات باعث حیرت ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے قائم ادارہ اپنے بنیادی فرائض کی تکمیل میں ناکامی سے دوچار ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود معاشرے کے بے آسرا اور دکھی طبقوں کو ریلیف دینے کا پابند ہے اور اس کے اہلکار وں کو اپنا یہ فرض پوری تندہی اور خوف خدا کے جذبے سے ادا کرنا چاہئے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ سماجی بہبود کے عملے پر زور دیا کہ سینئر سٹیزن ایکٹ پر عمل درآمد سمیت صوبے میں سماجی بہبود کی سرگرمیوں کیلئے درکار وسائل اور ضروریات سے محکمہ خزانہ کو جلد ازجلد آگاہ کرے۔اسی طرح محکمہ حکومت کی طرف سے متعین کردہ گائیڈ لائنز اور اہداف کے حصول پر پیشرفت کو بھی واضح کرے ۔

محکمہ سماجی بہبود بزرگ شہریوں کیلئے پیکج کی تیاری ہفتوں کی بجائے دنوں میں مکمل کرے۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ معذور افراد کیلئے صحت انصاف کارڈز کی پرنٹنگ کے عمل کی خود نگرانی کریں اور نادرا کی معاونت سے 3 لاکھ 80 ہزار برزگ شہریوں کی فہرست کو حتمی شکل دے انہوں نے کہاکہ نادار اور ضرورت مند شہریوں کی فلاح و بہبود پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے کہاکہ اکثر معاملات میں سرکاری ملازمین اکثر اوقات اپنے فرائض سے انصاف نہیں کر پاتے اور ایسی صورتحال میں صوبائی حکومت کو مجبوراً ایکشن لینا پڑے گا۔