پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جعلی لائسنسنگ آفیسربن کر عوام کولوٹنے والا نوسربازرنگے ہاتھوں پکڑا گیا

 
0
474

لاہور ،جنوری 29(ٹی این ایس): پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلنس سیل نے خفیہ کاروائی کر کے فریاد علی نامی جعلی لائسنس انسپکٹر کو لوگوں سے پیسے وصول کرتے رنگے ہاتھوں پکڑکر تھانہ مسلم ٹاؤن پولیس کے حوالے کر کے مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویجیلنس ٹیم نے خفیہ کاروائی کر تے ہوئے جعلی فوڈ لائسنس آفیسر گرفتار کر لیا۔

فریاد علی جو کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی میں ہی لا ئسنسنگ برانچ میں بطور کمپیوٹر آپریٹر ڈیلی ویجز کی ملازمت کرتا رہا ہے نے جعلی طریقہ سے اپنالا ئسنسنگ آفیسر کا کارڈ بھی بنا رکھا تھا اور خود کو لائسنسنگ آفیسر ظاہر کر کے لوگوں سے پیسے بٹورتا تھا ۔ فریاد علی کی مشکوک حرکات اور لوگوں کی شکایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلنس سیل نے خفیہ کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور ویجیلنس آفیسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کروا کے تھانہ مسلم ٹاؤن پولیس کے حوالے کر دیا ۔

اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈا تھارٹی رافیعہ حیدر کا کہنا تھا کہ ویجیلنس آفیسر نے صارف بن کر لائسنس بنوانے کی درخواست دی جس پر فریاد علی نے درخواست وصول کر کے اضافی پیسوں کے عوض جعلی لائسنس بنانے کی آفر منظور کر لی۔ اس طرح مجرم اپنے انجام کو پہنچا اور رنگے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔رافیعہ حیدر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلنس سیل نہ صرف ملاوٹ مافیا بلکہ اتھارٹی ملازمین پر بھی کڑی نظر رکھتا ہے۔ اتھارٹی کے اندر کسی بھی قسم کی گڑ بڑ کرنے کی صورت میں فوری ایکشن لیا جاتا ہے ۔گزشتہ ایک سال میں فرائض میں بدیانتی کرنے والے 8ملازمین کے خلاف کاروائی کی جا چکی ہے۔