انسانی وسائل کی ترقی کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ٗوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

 
0
404

اسلام آباد جنوری 31(ٹی این ایس)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ انسانی وسائل کی ترقی کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ٗ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ’’وسیلہ تعلیم‘‘ پروگرام کو 50 اضلاع تک توسیع دینا باعث اطمینان ہے ٗ ہمیں لوگوں کو غربت سے نکالنا ہو گا ٗ پروگرام کے تحت بچوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ٗکوئی بچہ بھی تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے ۔وہ بدھ کو یہاں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے زیرانتظام وزیراعظم وسیلہ تعلیم پروگرام کو توسیع دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ وسیلہ تعلیم پروگرام کو 50اضلاع تک توسیع دینا ہمارے لئے خوشی کا موقع ہے جس سے تعلیم کے فروغ کے حوالے سے حکومت کے عزم کااعادہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انسانی وسائل کی ترقی کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا جبکہ تعلیم دہشت گردی، انتہا پسندی سمیت دیگر مختلف برائیوں سے تحفظ فراہم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ہمیشہ تعلیم کے فروغ کے لئے کام کیا ہے اور 18ویں ترمیم کے بعد تعلیم صوبائی حکومت کے ذمہ داری ہے تاہم وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ملک میں تعلیمی معیار کو مزید بڑھائیگی ٗ انہوں نے کہاکہ پروگرام کے تحت 1.9ملین بچے سکول جا رہے ہیں جبکہ توسیع پروگرام کے تحت ملک کے 50 اضلاع سے تعلق رکھنے والے مزید ایک ملین بچوں کو سکول بھیجیں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہمارا عزم ہے کہ سب بچوں کو نہ صرف تعلیم بلکہ معیاری تعلیم فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی بینک کی وسیلہ تعلیم پروگرام کیلئے معاونت قابل تعریف ہے ۔ بی آئی ایس پی مکمل طور پر غیر سیاسی پروگرام ہے جو صوبائی حدود وقیود سے بھی آزاد ہے جس میں مستحق اور غریب افراد کے بچوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وسیلہ تعلیم پروگرام کی کامیابی اور اس میں توسیع کے حوالے سے بی آئی ایس پی کی چیئرپر سن ماروی میم کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پروگرام کے تحت بچوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں لوگوں کو غربت سے نکالنا ہو گا جس سے معاشرے کی ترقی ہو سکے گی۔ تقریب میں شریک اچھی تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں اور خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ پروگرام آپ کی خدمت اور مدد کے لئے ہے اور پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے آپ کی حقیقی مدد یہ ہے کہ آپ اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائیں اور والدین تعلیم کی اہمیت کو سمجھیں جس کے نتیجہ میں بی آئی ایس پی کا وسیلہ تعلیم پروگرام اور ملک دونوں ترقی کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ توقع ہے کہ ایوارڈ حاصل کرنے والے بچے اور ان کے بہن بھائی بھی تعلیم حاصل کریں گے۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کوئی بچہ بھی تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے تاکہ وہ ملک اور معاشرے پر بوجھ نہ بن سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا دین بھی تعلیم کے حصول پر زور دیتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ گھریلو خواتین تعلیم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنے بچوں کی تعلیم مکمل کروانے میں ہماری مدد کریں۔ قبل ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک بھر کے مختلف اضلاع، شہروں اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں میں ایوارڈز تقسیم کئے جو وزیر اعظم وسیلہ تعلیم پروگرام سے استفادہ کررہے ہیں۔ تقریب میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر، مختلف ممالک کے سفیروں ، بی آئی ایس پی کے شراکت داروں سمیت سول سوسائٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور وسیلہ تعلیم پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔وزیراعظم وسیلہ تعلیم پروگرام کو ملک کے 50 اضلاع تک توسیع دی جائے گی اور مزید 10لاکھ بچوں کو سکول داخل کرایا جائے گا جبکہ پروگرام کے تحت پہلے 19لاکھ بچے مستفید ہو رہے ہیں۔