شریف برادران کی آپسمیں ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

 
0
357

لاہور، فروری 26 (ٹی این ایس): وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، شہباز شریف نے کہا کہ نیازی صاحب جھوٹوں کے کپتان ہیں، یوٹرن کے عالمی ریکارڈ بنائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جاتی امرا میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں رہنمائوں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، سینیٹ انتخابات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ نیازی صاحب نے سیاست میں گالم گلوچ اور ناشائستگی کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے، باشعور عوام جھوٹ کے ماہر سیاستدان کی منفی سوچ اور انتشار پر مبنی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے صرف جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں، منفی سیاست اور قوم کا وقت برباد کرنے والوں کو پہلے بھی پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملا، عوام کو نعروں، کھوکھلے دعووں اور منفی سیاست سے کوئی سروکار نہیں۔

جھوٹ کے مصنوعی سہارے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے پاکستان کے عوام حساب لیں گے۔