آشیانہ ہاؤسنگ سکیم  ٹھیکہ سکینڈل، نیب کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی طرف سے بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ملزم شاہد شفیق کا ایک روزہ  جسمانی ریمانڈ منظور

 
0
343

آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

لاہور، فروری 26 (ٹی این ایس):قومی احتساب بیورو (نیب) نے ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ملزم شاہد شفیق کو ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ سید علی جواد نقوی کی عدالت میں پیش کیا۔ نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شاہد شفیق نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کا ٹھیکہ لیا اور کمپنی کی وجہ حکومت کو کروڑوں کا نقصان ہوا۔

نیب نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر ملزم کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ ملزم کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ سید علی جواد نقوی نے ملزم شاہد شفیق کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا اور نیب کو ہدایت کی کہ کل 26 فروری کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے۔

اُدھر تحریک انصاف پنجاب میں احتجاج کرنے والی بیورو کریسی کے بارے میں الیکشن کمیشن کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا کہ احتجاجی آفیسرز کو قطعی طورپر نگران سیٹ اپ میں تعینات نہ کیا جائے۔ یہ آفیسرز اپنی غیر جانبداری اور پیشہ وارانہ حلف کی پاسداری میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ڈی ایم جی ونگ قطعی طورپر الیکشن میں کسی جگہ بھی قبول نہیں ہو گا۔ الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر ایسے افسران کی نگران سیٹ اپ میں تقرری نہ کرنے کا مطالبہ کریں گے۔

دوسری جانب نیب نے باضابطہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ احد چیمہ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ سی فور کلاس کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کو خلاف قانون 90 فیصد حصہ دیا گیا۔ احتجاج کو کام کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔